0
Sunday 26 Aug 2018 13:29

افغانستان، خودکش حملے اور مسلح جھڑپوں میں 38 افراد جاں بحق

افغانستان، خودکش حملے اور مسلح جھڑپوں میں 38 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں خودکش دھماکے اور جھڑپوں میں 38 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان شہر جلال آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر خودکش حملے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر اس وقت کیا گیا جب وہاں احتجاج جاری تھا۔ حکام نے مزید بتایا کہ خودکش بمبار نے حملے میں مظاہرین کو نشانہ بنایا جو احتجاج کے وقت ٹینٹ میں موجود تھے۔ ترجمان صوبائی گورنر نے حملے میں 2 افراد کی ہلاکت اور4 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی تھی۔ گورنر جلال آباد کے ترجمان آیت اﷲ خغیانی کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح 11 بجے ہوا، دھماکے کے وقت الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جو ان امیدواروں کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے جن کے کاغذات نامزدگی دہشت گردوں سے تعاون کرنے کے الزام میں مسترد کر دیے گئے تھے۔ خبر ایجنسی کے مطابق افغان فوج نے  شمالی صوبہ فاریاب میں کارروائی کے دوران 33 جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔ افغان فوج کی متعلقہ کور کے ترجمان حنیف ریضائی نے بتایا کہ افغان نیشنل آرمی نے صوبائی دارالحکومت میمانا کے جنوبی ضلع کوہستان میں ایئر فورس کی مدد سے آپریشن کیا جس کے دوران ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے 2 کمانڈر بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں افغانستان کے صوبوں غزنی اور لغمان میں بھی سکیورٹی فورسز اور جنگجوئوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے جس سے جنگ زدہ ملک میں پرتشدد واقعات بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ طالبان نے عید پر بھی افغان حکومت کی جنگ بندی کی اپیل مسترد کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 746272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش