0
Sunday 26 Aug 2018 17:35

ہماری حکومت اصلاح احوال کا بنیادی ڈھانچہ بنا چکی ہے، استحصالی قوتوں کا گھیراؤ کرینگے، محمود خان

ہماری حکومت اصلاح احوال کا بنیادی ڈھانچہ بنا چکی ہے، استحصالی قوتوں کا گھیراؤ کرینگے، محمود خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اس ملک کی منزل انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہے۔ عوام دوست حکمرانی، قانون کی بالادستی اور میرٹ پر فیصلہ سازی سمیت صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہیں۔ وزیراعلٰی ہاؤس میں ممبران صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ منتخب نمائندے حکمرانی میں پائی جانے والی کمزوریوں، انصاف کے حصول اور عوامی مسائل میں رکاوٹوں کا ادراک کریں، ہم ایک ٹیم کی طرح اجتماعی فیصلہ سازی کے ذریعے عوام کو ان کی خواہشات کے مطابق ریلیف دیں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ کفایت شعاری، بے جا اخراجات، کرپشن کی حوصلہ شکنی ترقی اور عوامی فلاح ایجنڈے کے بنیادی محرکات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قوم کا مسئلہ یہی ہے کہ ماضی میں اس کے حکمرانوں نے اپنے مفادات کیلئے کام کیا۔ سٹیٹس کو کی قوتوں کو مضبوط کیا گیا، یہ عوام دشمنی ہے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہماری حکومت اصلاح احوال کا بنیادی ڈھانچہ بنا چکی ہے۔ استحصالی قوتوں کا گھیراؤ کریں گے۔ مراعات یافتہ طبقہ کو لگام لگائیں گے۔ لاقانونیت اور بے انصافی کے خلاف ہمارے اقدامات سے سٹیٹس کو کی قوتیں کمزور ہوں گی، عوام طاقتور ہوں گے۔ ایک ایسا سسٹم بنائیں گے جس کے ذریعے غریب اپنا حق حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں، ہم نے اچھی حکمرانی بھی دینی ہے اور عوام کو فیصلہ سازی کے پورے عمل میں شریک بھی کرنا ہے۔ عوام کے مفادات کو یقینی بھی بنانا ہے اور عوامی حقوق غصب کرنے والوں کے ہاتھ بھی روکنے ہیں۔ ہمیں کرپشن اور اقربائ پر وری کا خاتمہ بھی کرنا ہے اور وسائل کا شفاف استعمال بھی یقینی بنانا ہے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ اس سے آگے بھی ہمیں بنیادی نوعیت کے اقدامات اُٹھانے ہوں گے، ہمارے صوبے کو تعلیم، صحت اور سماجی خدمات میں بہتری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ زرعی اور پیداواری شعبوں میں نئے رجحانات کے ذریعے ترقی کے راستے تلاش کرنے ہیں۔ ہم نے اپنے صوبے اور غریب عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ قدرتی وسائل، سیاحت اور صنعتکاری ایسے شعبے ہیں جہاں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبے کی معیشت بھی بہتر ہوگی اور عوامی خوشحالی اور ترقی کا راستہ بھی یہی ہے، ہم شفاف طریقہ کار وضع کریں گے۔ میرٹ اور قانون سب کیلئے یکساں ہوگا، یہی کچھ ہمارے اہداف ہیں اور ہم ان پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
خبر کا کوڈ : 746327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش