اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں کابینہ کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اختلافات کا شکار ہوگئی اور دوسری بار رکن اسمبلی بننے والوں نے پارٹی قیادت سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔ طویل انتظار کے بعد خیبر پختونخوا میں کابینہ کا اعلان کر دیا گیا ہے، لیکن وزیراعلٰی محمود خان کی ٹیم میں شامل نہ ہونے والے کھلاڑی ناراض ہوگئے اور ناراض ارکان اسمبلی نے اپنا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کابینہ میں نظرانداز کرنے پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی شدید ناراض ہیں، ان ناراض ارکان اسمبلی نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی نے ہماری جدوجہد کا صلہ نہیں دیا، کابینہ میں دوسری پارٹیوں سے آنے والوں کو ترجیح دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تحفظات کے حوالے سے سے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کر رہے ہیں، شاہ محمد وزیر پہلے ہی معاون خصوصی بنانے پر ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں۔