0
Monday 27 Aug 2018 22:28

عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد دیتے ہیں، تحریک انصاف کراچی

عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد دیتے ہیں، تحریک انصاف کراچی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، جنرل سیکریٹری محمود مولوی اور ممبر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل سندھ کے بہترین گورنر ثابت ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف نے انہیں گورنر سندھ بناکر قابل تعریف فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے مشترکہ خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران اسماعیل پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہر دور میں مضبوط چٹان کی طرح کھڑے رہے، عمران اسماعیل نے پارٹی کے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ یا سودے بازی نہیں کی، سندھ پر دسیوں سال پیپلز پارٹی کی حکومت رہی جس نے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کی، کتنے ہی ترقیاتی منصوبے پی پی کی حکومت نے ادھورے چھوڑ دیئے، سندھ میں آج تک ستر فیصد لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں، سندھ میں تعلیم، صحت اور روزگار سمیت ہر شعبے کا برا حال ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ عمران اسماعیل گورنر سندھ کی حیثیت سے وفاق اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے، مرکز سے صوبہ سندھ کے ترقیاتی کاموں میں مدد کی جائے گی اور سندھ بھی دیگر صوبوں کی طرح خوب ترقی کرے گا، کراچی نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، یہاں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، کوڑا کرکٹ اور آلائشوں کے ڈھیر پی پی والوں کا منہ چڑا رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کی سہولیات شدید قلیل ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے، عمران اسماعیل گورنر بن کر ان تمام مسائل کے سدباب کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 746563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش