0
Monday 27 Aug 2018 22:34

اپوزیشن کا کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے، پیپلز پارٹی

اپوزیشن کا کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پی پی پی رہنماؤں نے دو ٹوک الفاظ میں اپوزیشن اتحاد کو ہی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم عمران خان کا دائرہ کار تنگ کرنا نہیں چاہتے، ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، حکومت کی غلط پالیسیوں کو روکیں گے اور اچھے کاموں کی تائید کریں گے، صرف مخالفت برائے مخالفت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمن سے (ن) لیگ کو اعتزاز احسن کے نام پر راضی کرنے کی گزارش کی تھی، لیکن وہ خود امیدوار بن گئے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں، اسے اس طرح نہ پیش کیا جائے کہ ہم نے اتحاد بنایا تھا، جسے توڑ دیا گیا، تاہم اپوزیشن کو متحد کرنے میں نہ پہلے کسر چھوڑی ہے، نہ اب چھوڑیں گے، اعتزاز احسن کو امیدوار بنانا پی پی پی کا اپنا فیصلہ ہے، پوری کوشش تھی کہ اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار آئے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا 2008ء سے زرداری گروپ سے کوئی تعلق نہیں، صدر مملکت بننے کے بعد انہوں نے خود کو کمپنی سے علیحدہ کر لیا تھا، نہ پہلے کبھی عدالت سے بھاگے ہیں اور نہ آئندہ راہ فرار اختیار کریں گے، فریال تالپور کمپنی کے تمام معاملات کی نگراں ہیں، اس کیس میں دونوں رہنما ملزم نہیں بلکہ گواہ ہیں، ہمارے خلاف ماضی میں بھی دباؤ کے مختلف طریقے اپنائے گئے۔ پی پی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری سے پیشی کے دوران کوئی سوال نہیں کیا گیا، ابتدائی قسم کی سماعت تھی، فاروق ایچ نائیک نے ایف آئی اے افسران سے کہا کہ سوالات لکھ کر دیں، ایف آئی اے نے ابھی تک کوئی سوالنامہ نہیں دیا، میڈیا میں تفتیش کے متعلق خبریں چل رہی ہیں اور سوالات نشر کئے جا رہے ہیں، چیف جسٹس جھوٹی خبریں چلنے کا نوٹس لیں اور ایف آئی اے اس کی وضاحت کرے۔ چودھری منظور نے کہا کہ (ن) لیگ پی پی پی کی مجبوریوں کا تاثر دے رہی ہے، بے نظیر اور آصف زرداری کے خلاف تمام کیسز نواز شریف نے بنوائے تھے، آج بھی آصف زرداری 2014ء اور 2015ء کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں بار بار مجبوریوں اور دباؤ کے طعنے نہ دیئے جائیں، ہم معاہدے کرکے باہر نہیں جاتے۔
خبر کا کوڈ : 746565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش