روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ میانمار حکام نے مسترد کردی
29 Aug 2018 19:33
سرکاری ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو میانمار میں داخلے کی اجازت ہی نہیں دی گئی، اس وجہ سے ہم انسانی حقوق کونسل کی کسی قرارداد کو قبول نہیں کرتے اور نہ ہی اس قسم کی کسی قرارداد سے اتفاق کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ یو این او کی جانب سے میانمار افواج کی روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور خواتین کے ساتھ عصمت دری سے متعلق رپورٹ سرکاری حکام نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر مسترد کردی ہے۔ میانمار کے سینئر ترجمان زاؤ طے نے اقوام متحدہ کی فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں عائد کردہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو میانمار میں داخلے کی اجازت ہی نہیں دی گئی، اس وجہ سے ہم انسانی حقوق کونسل کی کسی قرارداد کو قبول نہیں کرتے اور نہ ہی اس قسم کی کسی قرارداد سے اتفاق کرتے ہیں۔ حکومتی سینئر ترجمان نے دعویٰ کیا کہ میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بالکل بھی برداشت نہیں کی جاسکتی جب کہ انسانی حقوق کی پاسداری سے متعلق ملک میں احتساب اور ذمہ دارانہ طریقہ کار موجود ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی تو اس پر سختی سے ایکشن لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ: 746953