0
Wednesday 29 Aug 2018 21:16

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے بڑوخیل  نامی علاقے میں تین نقاب پوشوں نے شعیب نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ شب حسو خیل کا رہائشی شعیب خان اپنے ننھیال کے ہاں مقیم تھا جب نامعلوم مسلح افراد نے ان کے ماموں کے گھر میں گھس کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے باوجود گذشتہ چند ماہ کے دوران اس نوعیت کے قریبا درجن بھر یا اس سے زائد واقعات پیش آ چکے ہیں جس کی وجہ سے ضلع کی عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ چند ماہ قبل اسی مسئلے کیخلاف یوتھ آف وزیرستان کی جانب سے دھرنا بھی دیا گیا تھا جو بعدازاں انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے یقین دہائیوں کے بعد ختم کر دیا گیا تھا۔ گذشتہ اتوار کو بھی رزمک سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن حافظ انور شاہ کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اپنے گھر کے سامنے ہی نشانہ بنایا گیا جبکہ 26 اگست کو کویت خان نامی ایک قبائلی مشر کو تحصیل دتہ خیل کے علاقے محمد خیل میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔ عیدالاضحٰی کی پہلی رات بھی تپی گاؤں میں ایک مقامی شخص کو اپنی چھوٹی بیٹی کے سامنے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ بعدازاں مقامی ایم این اے اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء محسن داوڑ مقتول کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کیلئے گئے اور اس موقع پر کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے اس مسئلے کیخلاف وہ ایوان میں آواز اٹھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 746969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش