QR CodeQR Code

ریلوے کی زمین ملکی قرضہ اتار سکتی ہے، عمران خان اسے بیچنے کا فیصلہ کریں، شیخ رشید

30 Aug 2018 17:59

سٹی اسٹیشن کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سندھ حکومت سے بات کریں گے اور وعدہ کرتا ہوں کہ کے سی آر میں ریلوے کی جانب سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور نہ ہی رکاوٹ بنیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کی زمین ملک کا قرضہ اتار سکتی ہے، عمران خان اس کو بیچنے کا فیصلہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی اسٹیشن کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے 20 کروڑ عوام کی سواری ہے، قوم چار سے پانچ ماہ کی مہلت دے ریلوے کا سسٹم ٹھیک کروں گا، اس کی ترقی کیلئے نئے پروگرام طے کر رہے ہیں، خصوصی افراد کیلئے ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی، 65 سال کے مسافر کو 50 فیصد رعایت، جبکہ 75 سال سے زائد عمر کے افراد مفت سفر کر سکیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آن لائن بکنگ اور ٹریڈ کی بہتری کیلئے موبائل ایپلی کیشن 7 دن میں بن جائے گی، ایپلی کیشن پی ٹی آئی کے لوگ مفت بنا کر دے رہے ہیں، کوشش ہے کہ ریلوے میں ملازمین کو پوری توجہ دوں، ملازمین کو بھی خوشحال کریں اور ریلوے کو بھی خسارے سے نکالیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ بڑھانے کے ساتھ یہ بھی دیکھیں گے کہ ان کی ضرورت ہے یا نہیں، ریلوے میں بغیر میرٹ اور ٹینڈر کے کوئی چیز نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین ملک کا سارا قرضہ اتار سکتی ہے، وزیراعظم عمران خان اسے بیچنے کا فیصلہ کریں، کسی غریب کو گھر اور زمین سے دربدر نہیں کریں گے، ہم اپنا پروگرام کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سندھ حکومت سے بات کریں گے اور وعدہ کرتا ہوں کہ کے سی آر میں ریلوے کی جانب سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور نہ ہی رکاوٹ بنیں گے۔


خبر کا کوڈ: 747102

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/747102/ریلوے-کی-زمین-ملکی-قرضہ-اتار-سکتی-ہے-عمران-خان-اسے-بیچنے-کا-فیصلہ-کریں-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org