0
Saturday 1 Sep 2018 20:18

عید سعید غدیر کی مناسبت سے مدینہ پبلک اسکول کشمیر میں پروقار محفل مذاکرہ کا انعقاد

عید سعید غدیر کی مناسبت سے مدینہ پبلک اسکول کشمیر میں پروقار محفل مذاکرہ کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ عید ولایت و امامت، عید سعید غدیر کی مناسبت سے مدینہ پبلک اسکولز کشمیر کے اہتمام سے جنوبی ضلع بارہمولہ میں ایک عظیم الشان اور پروقار محفل مذاکرہ بعنوان ’’ولایت کے سائے میں‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مدینہ پبلک اسکولز کے طلباء کے علاوہ عاشقان ولایت کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کی صدارت مدینہ پبلک اسکولز کے بانی و جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے کی۔ اس پروقار محفل غدیر کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں دانشوروں، طلباء اور علماء کرام کے پرمغز تقاریر اور خطابات کے علاوہ وقفہ وقفہ سے نعت خوانی، مدح سرائی، منقبت اور ترانوں کے ذریعے شاہ ولایت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی الطالب (ع) کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ علماء کرام کے مدلل خطابات سے عاشقان ولایت و امامت مستفید ہوتے رہے مدح و منقبت خوانوں نے اپنی شیرین آوازوں کے ذریعے روح پرور محفل غدیر کی رونق دوبالا کردی۔

پروقار محفل مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے فلسفہ امامت و ولایت کے مختلف گوشوں پر مدلل روشنی ڈالی۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ غدیر ایک صالحہ و بے باک قیادت اور صاف و شفاف سیاست کا نام ہے جو عالم بشریت بالخصوص عالم اسلام کے سیاست دانوں، حکمرانوں اور قائدین کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے اسلام میں گھٹا ٹوپ جہالت، خون خرابہ اور انتشار کا بنیادی وجہ یہ ہے کہ امت اسلامیہ نے واقعہ غدیر کو پشت بہ دیوار کیا اور فلسفہ غدیر پر پردہ پوشی کرکے نظام امامت و ولایت کے خلاف مورچہ سنھبالا۔ انہوں نے کہا کہ ’’غدیر‘‘ کسی خاص مسلک کا کوئی ثقافتی یا روایتی تہوار نہیں بلکہ تاریخ اسلام میں واقعہ غدیر ایک مسلم الثبوت واقعہ ہے جس پر شیعہ و سنی راوی کرام اور محدثین حضرات متفق ہیں۔

مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ واقعہ غدیر اتحاد بین المسلمین کی ایک اعلیٰ مثال ہے مسلمانان عالم اگر فلسفہ غدیر سمجھ کر اس پر من و عن عمل پیرا ہوجائیں گے تو ان کے تمام سیاسی اور سماجی نیز اقتصادی مسائل حل ہوجائیں گے۔ مولانا مسرور عباس کے علاوہ کشمیر کے نامور علماء کرام جن میں آغا سید یوسف موسوی اور مولانا غلام حسین جعفری امام جمعہ ہانجی ویرہ قابل ذکر ہیں نے فلسفہ غدیر، نبوت، امامت و ولایت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ صدارتی خطاب میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے کہا کہ نظام ولایت دنیائے اسلام کا ایک عظیم سرمایہ اور سپر ہے، جس سے شیطانی قوتیں لرزہ بہ اندام ہے۔
خبر کا کوڈ : 747436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش