0
Saturday 1 Sep 2018 20:21

لوئر کرم میں طوفانی بارش، دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 2 زخمی

لوئر کرم میں طوفانی بارش، دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 2 زخمی
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع لوئر کرم  میں طوفانی بارش کے باعث دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ 2 دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم کے علاقہ میروکس کے رہائشی میرباز خان کے گھر کے بچے 5 سالہ شہناز، 7 سالہ عامر اور 8 سالہ حمزہ اپنے رشتہ داروں کی شادی میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ راستے میں طوفانی بارش اور تیز آندھی نے اُنہیں گھیر لیا، جس سے بچنے کے لئے وہ تینوں ایک دیوار کے قریب کھڑے ہوگئے تاہم اس دوران خستہ حال دیوار تیز آندھی کا زور برداشت نہ کرسکی اور قریب کھڑے بچوں پر آگری جس کے نتیجے میں تینوں بچے ملبے تلے دب گئے۔ انتظامیہ کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو ملبے سے نکال لیا تاہم اُنہیں ہسپتال لے جانے کے دوران رابطہ سڑک پر طغیانی آگئی، جس کے باعث مریضوں کو بروقت ہسپتال نہ پہنچایا جا سکا، جس کی وجہ سے 8 سالہ حمزہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقامی افراد کے مطابق طوفانی بارش کے باعث علاقے میں ایک اور مکان کی دیوار بھی منہدم ہوئی تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر بصیر خان وزیر نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ محرران اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اور بہتر سہولیات دینے کا حکم دیا اور ہنگامی بنیادوں پر رپورٹ طلب کرکے جاں بحق ہونے والے آٹھ سالہ حمزہ کے لیے 3 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے پچاس پچاس ہزار روپے امداد دینے کا اعلان بھی کردیا۔
خبر کا کوڈ : 747473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش