1
0
Sunday 2 Sep 2018 20:19

لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، علامہ ناصر عباس

لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حیدر آباد میں بزرگ شیعہ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی کے گھر پر پولیس گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، علامہ حیدر علی جوادی کے بیمار بیٹے علامہ حسن جوادی کو گرفتار کیا گیا اور تشدد کے سبب حالت غیر ہونے پر انہیں سڑک کنارے پھینک دیا گیا، وہ کچھ دن موت و حیات کے کشمکش میں رہے اور خالق حقیقی سے جا ملے، انہوں نے کہا کہ ہم علامہ حسن جوادی کی شہادت کو ماورائے عدالت قتل تصور کرتے ہیں، پیپلزپارٹی سندھ کی حکومت اور ریاستی ادارے اس ماورائے عدالت قتل کیلئے جوابدہ ہیں، جواب دیا جائے انہیں کس گناہ کی پادش میں قتل کیا گیا۔؟

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ درجنوں بےگناہ شیعہ نوجوان اس وقت بھی لاپتہ ہیں، مولانا ظہیر الدین بابر کو تاحال رہا نہیں کیا گیا، ملک کے آئین اور قانون میں جبری گمشدگی کی کوئی گنجائش باقی نہیں، ایسے اقدامات آمرانہ دور کی یاد دلاتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے ہالینڈ کے ملعون گریٹ والڈر کی جانب سے توہین رسالت ﷺ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومتی موقف کی تائید کی، علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے کو سنجیدہ لیا اور سفارت کاری کے ذریعے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو روکوایا، جس کی ہم قدردانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے آزاد خارجہ پالیسی کے بیان کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ عزادای سیدالشہداء ہماری شہ رگ حیات ہے، امید ہے کہ محرم الحرام میں ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، سابقہ حکومتوں کی روش کو ترک کیا جائے گا، گذشتہ دور حکومت میں ملت تشیع کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سینکڑوں بےبنیاد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ مذہبی آزادی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نئی حکومت اس مسئلے پر سنجیدگی سے سوچے اور جلد از جلد صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے جو محرم الحرم میں امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رسومات کی آزادی سے ادائیگی کو یقینی بنائے۔  علامہ ناصر عباس نے واضح کیا کہ ہم حکومتی اتحادی ضرور ہیں مگر عزاداری امام حسین علیہ السلام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ یا مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 747671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Iran, Islamic Republic of
دیر آید درست آید، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔
ہماری پیشکش