QR CodeQR Code

ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہونگے، مخدوم زین قریشی

2 Sep 2018 21:35

ملتان میں وفود سے ملاقات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اہل ملتان نے ہمارے اوپر اعتماد کیا ہے، اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اہلیان ملتان کے اعتماد پر پورا اتریں، ماضی میں حلقہ این اے 157 کو محروم رکھا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و این اے 157 سے رکن قومی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حالیہ انتخابات میں پاکستان کی سب سے بڑی، مقبول اور موثر ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، عوام نے تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ عوام کی محبتوں کا قرض ادا کریں۔ حالیہ انتخابات میں تحریک انصاف نے ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ حاصل کئے ہیں، ملک بحرانوں کا شکار ہے، خزانہ خالی ہے، ملک کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، عوام کی نظریں تحریک انصاف اور عمران خان کی طرف ہیں۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ اہل ملتان نے ہمارے اوپر اعتماد کیا ہے، اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اہلیان ملتان کے اعتماد پر پورا اتریں۔

انہوں نے کہا ماضی میں حلقہ این اے 157 کو محروم رکھا گیا۔ اقتدار میں آنے کے بعد یہاں کے نمائندے نظر نہیں آتے تھے، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ تبدیلی آگئی ہے، میں نے حلقہ این اے 157 کے عوام سے جو وعدے کئے تھے پورے کروں گا۔ میرے دروازے حلقہ این اے 156 اور 157 کی عوام کیلئے کھلے ہیں، عوام جب چاہیں 24 گھنٹے مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا عمران خان کی قیادت میں ایک ترقیاتی یافتہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے سخت اور ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا ہم اپنے منشور کے مطابق درست سمت میں جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 747687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/747687/ملک-کو-بحران-سے-نکالنے-کیلئے-سخت-فیصلے-کرنا-ہونگے-مخدوم-زین-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org