QR CodeQR Code

لاہور ہائیکورٹ، ایران میں قید پاکستانی قیدیوں کو سزا میں ریلیف دلانے کیلئے پٹیشن دائر

4 Sep 2018 18:33

درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایران میں سزائے موت کے تبدیل شدہ قوانین کے تحت سزائے موت کے منتظر قیدی رعایت کے حقدار ہیں، ایران نے سزائے موت سے متعلق قوانین میں نرمی لاتے ہوئے سزائے موت کیلئے درکار منشیات کی کم سے کم مقدار بڑھا دی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں ایران میں سزائے موت کے تبدیل شدہ قوانین کے تحت پاکستانی قیدیوں کو رعایت دلانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد وحید نے ’’جسٹس پراجیکٹ پاکستان‘‘ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں خارجہ امور اور امور داخلہ کی وزارت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایران میں سزائے موت کے تبدیل شدہ قوانین کے تحت سزائے موت کے منتظر قیدی رعایت کے حقدار ہیں، ایران نے سزائے موت سے متعلق قوانین میں نرمی لاتے ہوئے سزائے موت کیلئے درکار منشیات کی کم سے کم مقدار بڑھا دی تھی، نئے قوانین کا اطلاق پہلے سے سزا یافتہ قیدیوں پر بھی ہوگا، نئے قوانین کے تحت سزائے موت پانے والوں کی سزا 30 سال قید اور جرمانے میں تبدیل کر دی جائے گی۔

درخواستگزار کا مزید کہنا تھا کہ ایران میں قید پاکستانیوں کی بڑی تعداد منشیات سے متعلق جرائم کے تحت سزا کاٹ رہی ہے، عدالت حکومت کو ایران میں سزائے موت کے منتظر پاکستانیوں کی سزا میں رعایت کیلئے سفارتی تعاون مہیا کرے۔ درخواست گزار نے استدعا کہ عدالت ایران میں منشیات مقدمات میں سزائے موت پانیوالے پاکستانیوں کے کوائف طلب بھی کرے۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ ایران میں کتنے پاکستانی قید ہیں اور کس کس جرم میں سزا ہوئے ہیں۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا ہے کہ ایران کے قوانین میں ہونیوالی نرمی سے پاکستانیوں کو کتنا فائدہ پہنچ سکتا ہے اور وزارت خارجہ اس میں کیا کردار ادا کر سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 747919

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/747919/لاہور-ہائیکورٹ-ایران-میں-قید-پاکستانی-قیدیوں-کو-سزا-ریلیف-دلانے-کیلئے-پٹیشن-دائر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org