0
Tuesday 4 Sep 2018 18:59

ہائیکورٹ نے داتا دربار کی انڈر گراؤنڈ پارکنگ کھولنے کیلئے معاملات کا جائزہ لینے کا حکم دیدیا

ہائیکورٹ نے داتا دربار کی انڈر گراؤنڈ پارکنگ کھولنے کیلئے معاملات کا جائزہ لینے کا حکم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کی معروف درگاہ داتا دربار کی سکیورٹی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، سی ٹی او ملک لیاقت عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے داتا دربار کی انڈر گراؤنڈ پارکنگ کی بحالی کیلئے ازسرنو جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے داتا دربار کے قریب محکمہ اوقاف کی 5 کنال اراضی پر پلازہ بنانے کیلئے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کی 5 کنال اراضی پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کا بھی حکم دیتے ہوئے ڈی سی لاہور انوارالحق کو بدھ کو طلب کر لیا۔

جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ 8 سالوں سے داتا دربار کی انڈر گراؤنڈ پارکنگ بند ہے، کھول کیوں نہیں رہے۔ جس پر سی سی پی او نے عدالت کو جواب دیا کہ پارکنگ سکیورٹی وجوہات کے باعث سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر بند کی گئی تھی، جبکہ رواں برس بھی 16 جون کو محکمہ داخلہ کی جانب سے سکیورٹی الرٹ جاری ہوا ہے، داتا دربار کے تقدس اور سکیورٹی وجوہات کے باعث پارکنگ نہیں کھول سکتے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ دیگر جگہوں پر بھی تھرٹ الرٹ ہیں۔ جس پر سی سی پی او نے کہا کہ داتا دربار کا تقدس زیادہ اہم ہے، یہاں بارودی مواد چیک کرنے کیلئے کوئی الات موجود نہیں، چائنہ سے 2 مشینیں منگوائیں وہ بھی مؤثر ثابت نہیں ہوئیں۔ عدالت نے کہا کہ 12 سو گاڑیوں کی پارکنگ کی بحالی کیلئے کچھ کریں۔ جس پر سی سی پی او نے کہا کہ حساس اداروں اور سپیشل برانچ کا دوبارہ اجلاس منعقد کرا لیتے ہیں، محرم الحرام کے بعد اجلاس میں متعلقہ اداروں کی رائے لے لیتے ہیں۔ عدالت نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کیلئے 2 سپیشل برانچ کے اہلکار تعینات کرنیکا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مانیٹرنگ بہتر ہو گی تو سکیورٹی کا نظام بھی بہتر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 748020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش