QR CodeQR Code

امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان اور بھارت کا دورہ، چین کیخلاف حمایت حاصل کرنیکی کوشش کا حصہ ہے، رپورٹ

5 Sep 2018 08:55

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان کے لیے اس کے آگے بھی انتہائی مشکل وقت آسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل جوزف ایف ڈنفورڈ آج متوقع طور پر پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان کے لیے اس کے آگے بھی انتہائی مشکل وقت آسکتا ہے۔ مائیک پومپیو آج متوقع طور پر اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے بعد وہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ملک کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وہ بھارت چلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے پینٹاگون نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن کارروائی میں ناکامی کا الزام لگا کر 30 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد روک دی تھی۔ پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء سے متعلق نئی حکمت عملی میں پاکستان اپنا فیصلہ کن کردار ادا نہیں کرسکا اس لیے 30 کروڑ ڈالر روک دیئے گئے ہیں۔ اس سے قبل 14 اگست کو ایک سینئر امریکی عہدیدار نے پاکستان کو باور کرایا تھا کہ اب وقت آگیا کہ افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کو پُرامن طریقے سے ختم کردیا جائے، اس عمل میں پاکستان کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔ امریکا یہ بھی چاہتا ہے کہ پاکستان کابل میں ایک ایسا سیاسی سیٹ اپ قائم کرنے میں مدد کرے جس کے ذریعے امریکی فوج کے دستے پُرامن طریقے سے افغانستان سے واپس روانہ ہوجائیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں شامل 2 اعلیٰ عہدے دار رواں ہفتے مذاکرات کے لیے بھارت پہنچیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو اور سیکریٹری دفاع جیمس میٹس اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی ہم منصب سے دفاعی و تجارتی امور پر بات کریں گے۔ دونوں ممالک میں یہ اپنی نوعیت کے پہلے مذاکرات ہوں گے جو خطے میں ان کے بڑھتی ہوئی شراکت داری کا ثبوت ہیں۔ بھارت اور امریکا میں دوستانہ رویے کے باوجود امریکی وفد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات میں مشکلات کو حل کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔ بات چیت کے اس مرحلے کو اپریل میں اور بعد ازاں جون میں ہونا تھا تاہم انہیں معطل کردیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ 2016ء میں واشنگٹن نے بھارت کو اپنا دفاعی شراکت دار متعین کرتے ہوئے امریکا-بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کی سالوں سے جاری کوشش کو اس کی وجہ قرار دیا تھا۔ اس کا مقصد دونوں ممالک میں فوجی تعاون اور دفاعی معاہدوں میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت اور امریکا کی افواج میں رابطے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک میں ایک معاہدہ بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا کو چین کی تجارت کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارت کی حمایت کی ضرورت ہے اور وہ بھارت کو روس سے بھی علیحدہ کرنا چاہتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 748132

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/748132/امریکی-وزیر-خارجہ-کا-پاکستان-اور-بھارت-دورہ-چین-کیخلاف-حمایت-حاصل-کرنیکی-کوشش-حصہ-ہے-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org