0
Wednesday 5 Sep 2018 23:27

K-IV فراہمی آب منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے اقدامات کیے جائیں، گورنر سندھ

K-IV فراہمی آب منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے اقدامات کیے جائیں، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ خالد محمود شیخ نے گورنر سندھ کو شہر کراچی میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں، حائل مشکلات، شہر میں پانی کی ضروریات کے مدنظر جاری ترقیاتی منصوبے اور ادارہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی قومی ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت کا حامل شہر ہے، جہاں پر صنعتی، تجارتی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، لیکن شہر کی ضروریات کے مطابق فراہمی و نکاسی آب کا مؤثر نظام دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں فراہمی آب کی کمی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا بھی مناسب بندوبست نہیں ہے، اس وقت شہر کا 400MGD سے زائد پانی بغیر ٹریٹمنٹ کے سمندر میں گر رہا ہے، اس کے برعکس 70MGD پانی ٹریٹ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں میگا پروجیکٹ K-IV منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ گورنرسندھ نے واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ K-IV منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے بھرپور توجہ دی جائے۔

اجلاس میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی میں 150 پمپنگ اسٹیشنز اور 30 ہزار سے زائد والوز ہیں، جن سے شہر بھر میں پانی فراہم کیا جاتا ہے، ادارہ کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ کے کچھ علاقوں میں بھی پانی مہیا کر رہا ہے، واٹر بورڈ کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعہ 70MGD پانی ٹریٹ کرکے سمندر میں چھوڑا جا رہا ہے، جسے بڑھا کر 480MGD تک کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، اس ضمن میں ٹی پی 4 اور 5 جلد کام شروع کر دے گا، ٹریٹ شدہ پانی کو ری سائیکل کرکے صنعتوں میں فراہمی سے متعلق صنعت کاروں سے بات کی ہے، جس پر انہوں نے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے، جلد اس منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر ٹریٹ شدہ پانی کو ری سائیکل کرکے صنعتوں کو مہیا کرنا شروع کر دیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب دونوں شہر کے اہم ترین مسائل ہیں، جن کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے، اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 748337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش