QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن ختم کرنیکا فیصلہ

6 Sep 2018 13:02

کے پی کابینہ اجلاس کیبعد ترجمان حکومت کا کہنا تھا کہ نیب اور اینٹی کرپشن کا کام تسلی بخش ہے، اسلئے احتساب کمیشن کو ختم کیا جا رہا ہے، صحت انصاف کارڈ کو گذشتہ حکومت میں شروع کیا گیا، جس پر کافی کام ہوا ہے۔ بلدیاتی نظام کو بہتر کرنے کیلئے ترامیم لا رہے ہیں۔ صوبے کے شمالی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی اور وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کہتے ہیں کہ نیب اور اینٹی کرپشن کا کام تسلی بخش ہے، اس لئے احتساب کمیشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس کے بعد وزیرِاعلٰی ہاؤس میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شوکت یوسفزئی اور وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کا مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کو گذشتہ حکومت میں شروع کیا گیا، جس پر کافی کام ہوا ہے۔ نیب اور اینٹی کرپشن کا کام بھی تسلی بخش ہے، اس لئے احتساب کمیشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔ بلدیاتی نظام کو بہتر کرنے کیلئے ترامیم لا رہے ہیں۔ صوبے کے شمالی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ فنی تعلیم کے حوالے سے لوگوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔ کرپشن خاتمہ کیلئے مانیٹرنگ سسٹم بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس ایکٹ کو قبائلی علاقوں تک وسعت دینے کیلئے ریفارمز لا رہے ہیں۔ سستے انصاف کی فراہمی کیلئے چیف حسٹس پشاور ہائیکورٹ کی مشاورت سے پالیسی بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آبپاشی کیلئے چشمہ رائٹ بینک کینال کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ صوبے میں لاکھوں ایکڑ زمینوں کو سیراب اور زرعی زمینوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیز سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار اور چھوٹے پراجیکٹ کے ذریعے سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ سوات ایکسپریس وے اور بی آر ٹی جیسے تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیرِاعلٰی خود ہر 10 دن بعد اس کا جائزہ لیں گے۔ این ایف سی اور صوبے کے حقوق پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 748430

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/748430/خیبر-پختونخوا-میں-احتساب-کمیشن-ختم-کرنیکا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org