0
Thursday 6 Sep 2018 13:47

ڈی آئی خان، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا

ڈی آئی خان، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام 2018ء کے سلسلے میں سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ضلع بھر کو 4 زون میں تقسیم کر دیا گیا ہے، ہر زون کا انچارج ایس پی ہوگا جبکہ ضلع بھر میں 10 سیکٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔ کُل 69 تھلہ جات ہیں جن میں سے 26 کو حساس ترین اور 43 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے 48 داخلی مقامات کو سیل کیا جائے گا، 14 مقامات جن میں نیو بنوں چونگی، کوٹلی امام حسین، امامیہ گیٹ، قریشی موڑ، مسلم بازار، توپانوالہ بازار اور ملتان روڈ وغیرہ پر پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی۔ اسی طرح سی آر بی سی نہر کے 18 پلوں پر پولیس کی ناکہ بندیاں لگائی جائیں گی۔ محرم الحرام میں 6566 پولیس اہلکار بیک وقت اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

محرم الحرام کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں 144 مجالس، 22 سیج، 8 بیڑہ، 2 گھڑی گھڑولہ، 3 مکانڑی، 9 مہندی، 19 ذوالجناح اور 19 تعزیہ سمیت کل 226 پروگرام منعقد کئے جائیں گے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کی خفیہ کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا مذہبی تہوار سالہا سال سے اہلیان ڈیرہ اسماعیل خان روایتی عقیدت سے مناتے چلے آرہے ہیں۔ امت مسلمہ کا نیا سال اس مقدس مہینے سے شروع ہوتا ہے۔ محرم الحرام کے دوران چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ عوام کے تعاون سے منفی عناصر کے عزائم خاک میں مل جائیں گے اور محرم الحرام امن و امان سے اختتام پذیر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 748444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش