0
Friday 7 Sep 2018 00:22
جو قومیں شہداء کو بھول جاتی ہیں، وہ مٹ جاتی ہیں

ملکی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل بہت ضروری ہے، آرمی چیف

دہشتگردی کیخلاف ہم نے کامیابیاں حاصل کیں، لیکن جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی جاری ہے
ملکی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل بہت ضروری ہے، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے جمہوریت کا تسلسل بہت ضروری ہے اور جمہوریت اداروں کی مضبوطی کے بغیر نہیں پنپ سکتی۔ پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم دن ہے، آج کا دن شہداء پاکستان سے یکجہتی کا دن ہے، اس دن پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے، قوم کا ہر فرد سپاہی کے ساتھ کھڑا رہا، ہمارے جوانوں اور شہریوں نے جنگ میں قربانیاں دیں۔

آرمی چیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہم نے کامیابیاں حاصل کیں لیکن جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی جاری ہے، ہماری جنگ اب بھوک، افلاس اور ناخواندگی کے خلاف ہوگی، جسے جیتنے کے لئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65ء اور 71ء کی جنگوں سے ہم نے بہت کچھ سیکھا، پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھایا، نامساعد حالات اور معاشی مسائل کے باوجود ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک بنے، بعد ازاں دنیا بھر میں غیر روایتی جنگ کا آغاز ہوا، دہشت گردی کی لہر اٹھی، جس میں جنگ کی ساخت اور اس کے انداز بدل گئے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی اس غیر روایتی جنگ کا نشانہ بنا، تاہم ہماری افواج نے قربانیاں دیتے ہوئے اس جنگ سے لڑنا سیکھا، ہماری عبادت گاہوں اور تفریح گاہوں پر حملے کئے گئے، مگر سلام ہے ہماری قوم اور فوج پر، جو اس جنگ کے آگے ڈٹی رہی اور دہشت گردی کے اس ناسور کا سب نے مل کر مقابلہ کیا اور اس جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ قومی خزانے پر بوجھ الگ ہے۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو افواج کا شکر گزار ہونا چاہیے، جن کے بغیر یہ جنگ جیتنا ممکن نہیں تھا، قربانیاں دینے والوں میں فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی سمیت سویلین بھی شامل ہیں، اسی لئے یوم دفاع کے ساتھ آج یوم شہداء بھی مناتے ہیں کیونکہ جو قومیں شہداء کو بھول جاتی ہیں، وہ مٹ جاتی ہیں۔

جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ ہم سابقہ دو دہائیوں میں بہت مشکل دور سے گزرے اور کامیابیاں حاصل کیں لیکن جنگ ابھی جاری ہے، ملکی و تعمیر و ترقی کو یقینی بنانا اور ملک کو کسی مقام پر پہنچانے کے لئے دفاعی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر ہمارے لئے اہمیت کی حامل ہے، ہماری جنگ بھوک، افلاس اور ناخواندگی کے خلاف بھی جاری رہے گی، لیکن اس مقصد کو پانے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ اسی صورت میں ہی ہمیں کامیابی ملے گی۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کے لئے جمہوریت کا تسلسل بہت ضروری ہے اور جمہوریت اداروں کی مضبوطی کے بغیر نہیں پنپ سکتی، آج ہم اس مقام پر موجود ہیں کہ جمہوریت میں ہر مکتبہ فکر کے نمائندے موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 748557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش