0
Friday 7 Sep 2018 10:31

عاطف میاں قادیانی ہیں، حکومت نے اقتصادی مشاورتی کونسل سے الگ کر دیا

عاطف میاں قادیانی ہیں، حکومت نے اقتصادی مشاورتی کونسل سے الگ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حال ہی میں تشکیل دی گئی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن عاطف میاں سے استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔ عاطف میاں کی اقتصادی کونسل میں شمولیت کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر اعتراضات کئے گئے، حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں عہدہ سے ہٹایا جائے۔ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے معاملہ کے متعلق جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ عاطف میاں کو حکومت کی جانب سے اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دینے کو کہا گیا، جس پر وہ مستعفی ہونے پر راضی ہوگئے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ کیا کہ جلد ہی ان کے متبادل کا اعلان کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات  فواد چوہدری نے بھی اپنے ٹویٹ میں عاطف میاں کی تقرری واپس لینے کا اعلان کیا۔ عاطف میاں کو  اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے ہٹانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے اور وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسول (ص) ہیں۔

ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی، وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لے لی جائے، حکومت علماء اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہے اور اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ عاطف میاں کے متبادل کی تجویز وزارت خزانہ پیش کرے گی، توقع ہے کہ ان کی جانب سے چند روز میں نام سامنے آجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عاطف میاں کا معاملہ بہت زیادہ حساس تھا اور گذشتہ کچھ دنوں کے اندر اس پر بہت زیادہ ردعمل آیا۔ تحریک انصاف رہنما سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم معاملہ کے متعلق علماء سے ملاقات کر رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ایسی کسی ملاقات سے آگاہ نہیں ہیں۔ عاطف میاں کی تقرری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر قادیانیوں کا تقرر آئین پاکستان کی روح کے منافی ہے۔
خبر کا کوڈ : 748581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش