QR CodeQR Code

وفاقی حکومت کی صوبائی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے، مشیر اطلاعات سندھ

7 Sep 2018 22:52

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی معاملات میں دخل اندازی کے بجائے اپنے معاملات کو دیکھے تو زیادہ بہتر ہے، کیونکہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی حکومتوں کا معاملہ ہے، اور صوبائی معاملے میں مداخلت وفاقی حکومت کو زیب نہیں دیتی۔


اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی معاملات میں دخل اندازی کے بجائے اپنے معاملات کو دیکھے تو زیادہ بہتر ہے، کیونکہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی حکومتوں کا معاملہ ہے، اور صوبائی معاملے میں مداخلت وفاقی حکومت کو زیب نہیں دیتی۔ اپنے ایک بیان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی نصاب کو تبدیل کرنے کی بات کی گئی ہے، تعلیمی نصاب تبدیل کرنے کی بات کرنے سے قبل وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے ارکان آئین پاکستان کا مطالعہ ضرور کرلیں، خصوصاً 18ویں ترمیم کا، جو کہ صوبائی خودمختاری کے سلسلے میں ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وفاق کا یہ عمل آئینی اختیارات سے تجاوز کرنے کے مترادف ہوگا اور چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی معاملے پر محاذ آرائی نہیں چاہتے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مرکز کو ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے، مگر اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی معاملات میں مداخلت کی جائے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔


خبر کا کوڈ: 748668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/748668/وفاقی-حکومت-کی-صوبائی-معاملات-میں-مداخلت-ناقابل-قبول-ہے-مشیر-اطلاعات-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org