QR CodeQR Code

سوچنے کا وقت نہیں قومی اتحاد سے ہنگامی بنیادوں پر ڈیموں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، مفتی نعیم

9 Sep 2018 20:59

تقریب سے خطاب میں رئیس جامعہ بنوریہ نے کہا کہ ریاست کی مشکلات میں تعاون کرنا عوام کی ذمہ داری ہے، مدینہ منورہ ہجرت کے بعد یہودیوں سے کنواں خریدنے کیلئے رسول اللہ ؐ نے صحابہ سے فنڈز کی اپیل کی تھی اور اس کے عوض جنت کی بشارت دی، جس کو خلیفہ سوم نے خرید کر مسلمانوں کیلئے وقف کردیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیم کی تعمیر کیلئے اہل مدارس و علماء بھی میدان میں آگے، بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں ڈیم فنڈ مہم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ علماء و طلبہ نے بھرپور شرکت کی، معصوم بچوں کا قومی جذبہ دیدنی تھا، علماء و طلبہ نے ڈیم فنڈ میں چندہ بھی جمع کرایا، اس موقع پر تقریب سے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، ماہرین کے مطابق 2020ء سے 22 تک پاکستان میں پانی کی قلت کا بحران شدید رخ اختیار کر جائے گا، سوچنے کا وقت نہیں، ہنگامی بنیادوں پر ڈیموں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کی جانب توجہ مبذول کرائی، موجودہ حکومت بھی ڈیم تعمیر کرنا چاہتی ہے، ہمیں امید ہے قوم کے فنڈز ڈیم کی تعمیر میں ہی خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی حکمران نے ڈیم کی تعمیر کی طرف توجہ نہیں دی، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور لوٹ مار کی وجہ سے ایک طرف بیرونی قرضوں تلے ملک دب رہا ہے تو دوسری جانب ڈیم کی تعمیر ضروری ہے، اس لئے، قوم کے ہر فرد کا فرض بنتا ہے وہ اپنی استطاعت کے مطابق ڈیم فنڈ میں رقم جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی مشکلات میں تعاون کرنا عوام کی ذمہ داری ہے، مدینہ منورہ ہجرت کے بعد یہودیوں سے کنواں خریدنے کیلئے رسول اللہ ؐ نے صحابہ سے فنڈز کی اپیل کی تھی اور اس کے عوض جنت کی بشارت دی، جس کو خلیفہ سوم نے خرید کر مسلمانوں کیلئے وقف کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 749076

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/749076/سوچنے-کا-وقت-نہیں-قومی-اتحاد-سے-ہنگامی-بنیادوں-پر-ڈیموں-کام-کرنے-کی-ضرورت-ہے-مفتی-نعیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org