0
Friday 27 May 2011 14:34

پی این ایس مہران حملہ، بھارتی ایجنسی را سمیت چار غیرملکی ایجنسیز کے ملوث ہونے کا انکشاف

پی این ایس مہران حملہ، بھارتی ایجنسی را سمیت چار غیرملکی ایجنسیز کے ملوث ہونے کا انکشاف
کراچی:اسلام ٹائمز۔ پی این ایس مہران حملے میں ملوث دہشت گردوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ پی این ایس مہران حملے میں چار غیر ملکی ایجنسیز ملوث ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی این ایس مہران حملے میں ملوث گرفتار مبینہ دہشت گردوں کی تعداد دس ہے۔ جن میں سے سات کو آپریشن کے دوران جب کہ تین کو حملے کے تیسرے روز شاہ فیصل کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ دہشت گردوں سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مبینہ دہشت گردوں نے تحقیقاتی اداروں کو گمراہ کرنے کے لئے اپنا تعلق الجہاد ابو موسٰی سے بیان کیا، جو یمن سے تعلق رکھنے والی دہشت گرد تنظیم ہے لیکن آخر میں گرفتار دہشت گردوں نے واضح کیا کہ ان کا تعلق روس کی دہشت گرد تنظیم حزف سے ہے۔ جسے روس کی خفیہ ایجنسی کے جی بی نے افغان وار کے دوران مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنے کے لئے جنم دیا۔ مبینہ دہشت گردوں نے تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ حملے میں دیگر غیرملکی ایجنسیاں بھی ان کی معاونت کر رہی ہیں جن میں بھارتی ایجنسی را بھی شامل ہے۔ مبینہ دہشت گردوں کے بیانات کا تفتیشی ادارے جائزہ لے رہے ہیں۔
ادھر کراچی میں پی این ایس مہران پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے ڈی این اے ٹیسٹ شروع ہو گئے ہیں۔ دس رکنی تحقیقاتی ٹیم نیول بیس کے اہلکاروں کے بیانات قلمبند کر رہی ہے۔ ریئر ایڈمرل تحسین اللہ کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم میں ایئرفورس، رینجرز، پولیس اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ ٹیم نے بائیس مئی کی شب پی این ایس مہران اور پی اے ایف بیس فیصل میں ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں اور ڈیوٹی کرکے گھروں کو جانے والے ملازمین کے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز اور بحریہ کے اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کرے گی۔ حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا اسلام آباد میں ڈی این اے ٹیسٹ شروع ہو گیا، جس کی رپورٹ دس روز بعد ملے گی۔ ڈی این اے ٹیسٹ سے دہشت گردوں کی قومیت کا پتہ چلے گا۔ دہشت گردوں کی لاشیں ایدھی سرد خانے میں موجود ہیں اور ان کی شناخت کیلئے کوئی نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 74911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش