QR CodeQR Code

صحابہ کرام اور اُم المومنین کی توہین کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، عارف واحدی

10 Sep 2018 10:05

آئی ٹی پی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مقدس مہینے میں ہمیں دشمنوں کی سازشوں کے شر سے بچنا ہوگا، جو ہمارے اندر نفرت پھیلانا چاہتے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، یہی ہمارا دین اسلام ہمیں درس دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پوری امت کیلئے ایک بڑی نعمت ہے، ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، یہی ہمارا دین اسلام ہمیں درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، شیعہ کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نذیر احمد جنجوعہ، امیر جماعت اسلامی و صدر ملی یکجہتی کونسل لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، ڈاکٹر فاورق، عبدالمالک حیات، قاری غلام مرتضی، سید عبدالواحد، طلعت عباس، قاری فضل اکبر، علی عباس، صدیق الرحمن، ڈاکٹر احسان سمیت بڑی تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی۔
 
عارف واحدی کا کہنا تھا کہ صحابہ کرام اور ام المومنین کو برا بھلا کہنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں، مقدس مہینے میں ہمیں دشمنوں کی سازشوں کے شر سے بچنا ہوگا، جو ہمارے اندر نفرت پھیلانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر شیعہ کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر علامہ ثاقب اکبر نے کہا کہ امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، ملی یکجہتی کونسل لاہور نے برموقع آج کے پروگرام کا اہتمام کرکے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو پیدا کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ محرم الحرم ہمیں بحیثت مسلمان دین اسلام کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ عطا کرتا ہے، حضرت امام حسین(ع) نے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی جان قربان کرکے ہمیں اس بات کا سبق دیا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول(ص) کا دین ہماری جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔


خبر کا کوڈ: 749118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/749118/صحابہ-کرام-اور-ا-م-المومنین-کی-توہین-کرنیوالوں-کا-اسلام-سے-کوئی-تعلق-نہیں-عارف-واحدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org