QR CodeQR Code

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 70 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

11 Sep 2018 10:34

یہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ء کو آزاد اسلامی ریاست حاصل کی اور پاکستان وجود میں آیا۔ قائداعظم ایک ایسے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے حصول کے لیے صرف کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 70 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے قائداعظم محمد علی جناح پیشے کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے۔ انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی۔ یہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ء کو آزاد اسلامی ریاست حاصل کی اور پاکستان وجود میں آیا۔ قائداعظم ایک ایسے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے حصول کے لیے صرف کر دی۔ ان کی پالیسی دیانتداری و ایمانداری تھی جبکہ ان کی سیاسی جدوجہد ملک کے سیاستدانوں کے لیے ایک مثال ہے۔ قائداعظم قیامِ پاکستان کے بعد اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔ قائداعظم محمد علی جناح قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948ء کو انتقال کر گئے تھے۔ یہ دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ آج ملک بھر میں منعقدہ مختلف تقاریب میں بابائے قوم کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ بابائے قوم کے یومِ وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 749329

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/749329/بابائے-قوم-قائداعظم-محمد-علی-جناح-کی-70-ویں-برسی-آج-عقیدت-احترام-سے-منائی-جارہی-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org