QR CodeQR Code

باڑہ کے لوگوں کی بجلی کی عدم بحالی کی صورت میں پولیو مہم سے بائیکاٹ کی دھمکی

13 Sep 2018 18:24

باڑہ کے لوگوں نے کہا کہ ٹیسکو حکام نے عوام کی بجلی کارخانہ داروں کے حوالے کی ہے اور اس کے بدلے اپنی جیبیں گرم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت فوری طور پر اس سنگین نوعیت کے مسئلے کا نوٹس لیں اور قبیلہ شلوبر کا فیڈر رحمت سٹیل ملز سے واپس لیکر عوام کے لئے مختص کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع خیبر کے عوام نے انتظامی حکام کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر انکا بجلی کا فیڈر بحال نہ کیا گیا تو قبیلہ شلوبر کے لوگ پولیو مہم سے باٸیکاٹ کرینگے جبکہ قبائلی مشران پولیٹیکل انتظامیہ اور آرمی کیساتھ عدم تعاون سمیت باڑہ ٹیسکو کے خلاف ہاٸیکورٹ میں رٹ دائر کرینگے۔ یہ باتیں قبیلہ شلوبر خدمت کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اصغر خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ضلع خیبر کے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوٸے کہیں۔ انہوں نے الزام عاٸد کرتے ہوٸے کہا کہ شلوبر قبیلہ کا فیڈر رحمت نامی سٹیل مل کے ہاتھوں بیچ دیا جس میں سابقہ چیف ایگزیکٹیو فاٹا طارق پرویز سواتی و ایکسیٸن فاٹا نے لاکھوں روپے بطور رشوت لٸے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبیلہ کے عوام تین سال سے دفتروں کے چکر کاٹ رہے ہیں اور اس سلسلے میں ٹیسکو چیف نے لیٹر جاری کیا ہے اور وہ  کاغذات بطور ثبوت ان کے پاس ہیں، مگر کارخانہ دار مافیا SDO سے لیکر چیف تک ماہانہ لاکھوں رشوت دیکر عوامی بجلی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے موقع پر خدمت خلق شلوبر کمیٹی کے صدر حاجی مجیب، خیبر یونین کے مرکزی صدر بازار گل، قومی شرشتہ سربراہ زورا دین سمیت حاجی اختیار اور پی ٹی آٸی کے سربراہ عبدالغنی اور درجنوں لوگ شامل تھے انہوں نے الزام عاٸد کرتے ہوٸے کہا کہ واپڈا ہاٶس میں موجودہ ڈاٸریکٹر ظریف خان کارخانہ داروں سے اولڈ باڑہ فیڈر کے بدلے کروڑوں روپے مطابہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسکو حکام نے عوام کی بجلی کارخانہ داروں کے حوالے کی ہے اور اس کے بدلے اپنی جیبیں گرم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت فوری طور پر اس سنگین نوعیت کے مسئلے کا نوٹس لیں اور قبیلہ شلوبر کا فیڈررحمت سٹیل ملز سے واپس لیکر عوام کے لئے مختص کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 749859

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/749859/باڑہ-کے-لوگوں-کی-بجلی-عدم-بحالی-صورت-میں-پولیو-مہم-سے-بائیکاٹ-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org