0
Friday 14 Sep 2018 18:10

عمر عبداللہ کا بیان این سی کے یوٹرن کا عکاس ہے، انجینئر رشید

عمر عبداللہ کا بیان این سی کے یوٹرن کا عکاس ہے، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے عمر عبداللہ کے اس بیان کو مضحکہ خیز اور افسوسناک قرار دیا ہے، جس میں نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ اس نے لوگوں سے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے لئے نہیں کہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ایک بار پھر رنگ بدل کر خود کو بے نقاب کیا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ عمر عبداللہ کے یہ کہنے سے کہ نیشنل کانفرنس نے لوگوں سے انتخابی بائیکاٹ کے لئے نہیں کہا ہے، صاف ہوگیا ہے کہ نیشنل کانفرنس ایک طرف نئی دہلی کو اچھے موڈ میں رکھنا چاہتی ہے اور دوسری جانب بائیکاٹ کے مبہم اعلانات کرکے کشمیریوں کو ایک بار پھر بیوقوف بناکر ان کے پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی کوشش میں ہے۔

انجینئر رشید نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پہلے بائیکاٹ کا اعلان کرکے سنسنی پھیلانا چاہی تاکہ فاروق عبداللہ کے ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ کے نعروں سے توجہ ہٹائی جاسکے اور اب جبکہ نیشنل کانفرنس کے صدر کی اس متنازعہ حرکت سے توجہ ہٹتے دکھائی دی تو پارٹی اپنی اصلیت پر آئی اور اس نے ’’یوٹرن‘‘ لیکر نئی دہلی کو ضمانت دینے کا سامان کیا۔ انجینئر رشید نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کو یہ بات یاد دلائے جانے کی ضرورت ہے کہ کشمیری عوام سیاسی طور اس حد تک بالغ النظر ہیں کہ وہ نیشنل کانفرنس کی اس دروغ گوئی اور استحصالی سیاست کو سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ایک بار پھر کشمیریوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنا چاہا ہے لیکن پارٹی کو یہ نہیں سمجھنا چاہیئے کہ ماضی میں اس پارٹی کی جانب سے بیوقوف بنائے جاتے رہے کشمیریوں کو ایک بار پھر بیوقوف بنایا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 749986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش