QR CodeQR Code

میرے منع کرنے کے باوجود پروٹوکول دیا گیا، صدر مملکت عارف علوی کی وضاحت

15 Sep 2018 15:37

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد صدر عارف علوی نے ٹوئٹر پر وضاحت دیتے ہوئےکہا کہ یہ درست ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ان کے ہمراہ کئی گاڑیاں تھیں، حالانکہ میں نے حکام سے کہا تھا کہ مجھے عوام کے سامنے رسوا نہ کیجئے، میرے ساتھ سکیورٹی تناظر کی حد تک ہی گاڑیاں رکھی جائیں، ایک یا دو گاڑیاں آگے اور اتنی ہی پیچھے ہونی چاہئیں، لیکن ایسا نہیں ہو سکا، ہمیں اس سلسلے میں سخت اقدام اٹھانا پڑیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اپنے پروٹوکول کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ان کے منع کئے جانے کے باوجود پروٹوکول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر علوی گذشتہ روز اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے، اس موقع پر انہیں مکمل وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا تھا، ان کے قافلے میں 2 درجن سے زائد گاڑیاں شامل تھیں اور کئی اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر وضاحت دی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ درست ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ان کے ہمراہ کئی گاڑیاں تھیں، حالانکہ میں نے حکام سے کہا تھا کہ مجھے عوام کے سامنے رسوا نہ کیجئے، میرے ساتھ سکیورٹی تناظر کی حد تک ہی گاڑیاں رکھی جائیں، ایک یا دو گاڑیاں آگے اور اتنی ہی پیچھے ہونی چاہئیں، لیکن ایسا نہیں ہو سکا، ہمیں اس سلسلے میں سخت اقدام اٹھانا پڑیں گے۔

اپنی رہائشگاہ کے باہر موجود پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور پولیس کی جانب سے گھر کے اطراف ہوٹلوں کی بندش کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے، میں اپنے ان پڑوسیوں کیلئے اذیت کا باعث نہیں بننا چاہتا، جن کے ساتھ میں نے ساری عمر گزاری ہے، میں سکیورٹی کو تو نہیں چھوڑ سکتا، لیکن جب یہ عام شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بنی، تو ہمیں اس کی ایک حد مقرر کرنا ہوگی۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے آج بروز ہفتہ صبح مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور دیگر اہم شخصیات بھی تھیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان دیگر مسافروں کے ساتھ لاؤنج میں طیارے کا انتظار کرتے رہے، اس موقع پر وہ مسافروں میں گھل مل گئے، ان کے ساتھ خوش گپیاں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، صدر عارف علوی نجی پرواز ای آر 503 کےذریعے کراچی پہنچے تھے۔


خبر کا کوڈ: 750160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750160/میرے-منع-کرنے-کے-باوجود-پروٹوکول-دیا-گیا-صدر-مملکت-عارف-علوی-کی-وضاحت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org