QR CodeQR Code

ایران سمیت پوری دنیا میں

یوم حضرت علی اصغر علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

کربلا کے طفل شیرخوار حسینی کی فریاد مظلومیت

15 Sep 2018 19:37

محرم الحرام کا پہلا جمعہ پوری دنیا میں عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام کے نام سے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن مسلمان خواتین اپنے بچوں کو امام حسین علیہ السلام کے شش ماھہ فرزند کی یاد میں سبز پوش لباس میں امام زمان عج کے سپاھی کے عنوان سے مجالس عزاء میں لے کر آتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ کی مناسبت سے ایران سمیت پوری دنیا میں طفل معصوم حضرت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے عزاداری کی مجالس برپا ہوئیں۔ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی اس روز حسینی خواتین اپنے شش ماھہ بچوں کو سبز لباس پہنا کر حضرت علی اصغر علیہ السلام کی یاد میں مجالس میں لے کر آئیں۔ مجالس عزاء میں خطباء حضرات اور ذاکرین عظام نے اسی مناسبت سے فضائل و مصائب بیان کئے۔

 


مجلس عزاء میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ ہم اپنے کم سن بچوں کو اس دن حضرت علی اصغر علیہ السلام کی یاد میں سبز لباس پہنا کر لاتی ہیں تاکہ حضرت رباب سلام اللہ علیہا کے ساتھ امام حسین علیہ السلام کے چھ ماہ کے بچہ کی عزاداری برپا کر سکیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام کی مرکزی مجلس تہران کے مصلائے بزرگ امام خمینی میں منعقد ہوئی۔ اسی طرح مشہد مقدس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن جامع رضوی، اصفہان کے میدان امام اور دوسرے بڑے شہروں میں بھی مرکزی مجالس عزا برپا کی گئیں۔



 
ایران کے علاوہ دنیا بھر میں اکتالیس ممالک کے اندر اسی مناسبت سے مجالس عزاء منعقد کی گئیں۔ خبری ذرائع کے مطابق پاکستان، ہندوستان، بحرین، عراق، سعودی عرب، ترکی، افغانستان، آذربائیجان، کینیڈا، امریکہ، آسٹریلیا، ڈنمارک، فرانس، سوئیزرلینڈ، تھائی لینڈ اور دوسرے ممالک میں سبز پوش بچوں نے شیرخوار امام حسین علیہ السلام کی یاد میں گریہ کیا۔ اس دن کو پوری دنیا میں ایک ساتھ منانے کا مقصد دنیا پر امام حسین علیہ السلام کی مظلومیت اور انکی صدائے حق کو واضح کرنا ہے اور دنیا کے تمام انسانوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کے مقابلے میں موجود دشمن اس حد تک پست تھا کہ اس نے چھ مہینے کے معصوم بچوں پر بھی رحم نہیں کیا اور دوسرا ہدف یہ ہے کہ اس دن مائیں اپنے بچوں کو حضرت علی اصغر علیہ السلام کی یاد میں سبز لباس پہنا کر یہ عہد کرتی ہیں کہ میں نے اپنے بچے کو امام حسین علیہ السلام کے راستے میں امام زمان عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کیلئے وقف کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 750199

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750199/یوم-حضرت-علی-اصغر-علیہ-السلام-عقیدت-احترام-کے-ساتھ-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org