QR CodeQR Code

کلثوم نواز کی وفات پر جے یو پی (نیازی)کا نواز شریف سے اظہار افسوس

15 Sep 2018 19:44

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے نام تعزیتی خط میں رہنماؤں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سیاسی میدان میں آنیوالی خواتین کیلئے حوصلے کا باعث تھیں، جنہوں نے اس وقت بزرگ سیاستدان نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کیساتھ مل کر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو قریب لاکر اے آر ڈی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ کی سیاسی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے اس وقت کی شخصی آمریت کیخلاف آواز بلند کی جب بڑے بڑے عہدے لینے والے مسلم لیگی بھی جنرل پرویز مشرف کی غیر آئینی حکومت کیخلاف بات کرنے کی نہ صرف جرات نہیں رکھتے تھے بلکہ کئی تو پارٹی بھی چھوڑ کر اس کے اقتدار میں شامل ہو چکے تھے۔ اور پھر جب اقتدار آیا تو دھوکہ دینے والے لوگ حکومت اور اسی مسلم لیگ ن میں نظر آئے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے نام تعزیتی خط میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سیاسی میدان میں آنیوالی خواتین کیلئے حوصلے کا باعث تھیں، جنہوں نے اس وقت بزرگ سیاستدان نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کیساتھ مل کر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو قریب لاکر اے آر ڈی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شریف خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 750210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750210/کلثوم-نواز-کی-وفات-پر-جے-یو-پی-نیازی-کا-شریف-سے-اظہار-افسوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org