QR CodeQR Code

کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا، قوم میں اتفاق ہوا تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے، جسٹس ثاقب نثار

16 Sep 2018 00:33

لاہور میں اخوت فانڈیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کوئٹہ میں میرے سامنے پانی کے ایشوز آئے، کوئٹہ میں پانی کا مسئلہ اتنا سنگین ہوسکتا ہے کہ لوگوں کو ہجرت کرنا پڑے، جب میں نے پتہ کرایا تو معلوم ہوا کہ پانی کا مسئلہ تو پورے ملک کا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا۔ لاہور میں اخوت فانڈیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کوئٹہ میں میرے سامنے پانی کے ایشوز آئے، کوئٹہ میں پانی کا مسئلہ اتنا سنگین ہوسکتا ہے کہ لوگوں کو ہجرت کرنا پڑے، جب میں نے پتہ کرایا تو معلوم ہوا کہ پانی کا مسئلہ تو پورے ملک کا ہے، آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت ہوگی، ماہرین سے پانی کی قلت پر بات کی تو انہوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کا واحد حل ڈیم کی تعمیر ہے، کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا، اس سے دستبردار نہیں ہوئے، قوم میں اتفاق ہوا تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ برسوں میں خشک سالی پاکستان کا مستقبل نہیں بننے دیں گے۔ جب میں نے ڈیم مہم شروع کی تو پتہ ہی نہیں تھا کہ یہ ایک تحریک بن جائے گی جہاں بچے اور بچیاں ڈیم فنڈز کے لیے پیسے جمع کروا رہے ہیں، خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دینے پر خوشی ہوئی۔ میری نظر میں سب لوگ ڈیم کے محافظ ہیں اورآپ کو ہی پہرہ دینا ہے تاکہ ڈیم پایا تکمیل تک پہنچ سکے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ وہ لوگ اس ملک کے دشمن ہیں جو ڈیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اخوت فاؤنڈیشن کو قائم ہوئے 17 سال ہوئے ہیں تاہم فاؤنڈیشن نے 10 لاکھ روپے دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کے لیے دیے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اخوت انتظامیہ کے مطابق انہوں نے ایک کروڑ روپے ڈیم کے لیے جمع کیے ہیں اور وہ قسط کی صورت میں ایک کروڑ روپے ڈیم کے لیے دیں گے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد عام کارکن کے طور پر اخوت کے لیے کام کر سکوں تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی، میں ہمیشہ کرسی پر بیٹھتا ہوں لیکن آج نیچے بیٹھا ہوں تو بہت سکون ملا ہے۔ یاد رہے کہ 4 جون 2018ء کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پانی کی قلت اور نئے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق بیرسٹر ظفر اللہ کی 20 سال پرانی درخواست پر سماعت کی تھی اور اس دوران چیف جسٹس نے کہا تھا کہ یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آج سے ہماری ترجیحات میں سب سے اہم پانی ہے اور ہم پانی کے معاملے کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مرکز میں حکومت بنانے کے بعد قوم سے اپنے دوسرے اور خصوصی خطاب میں اندرون اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس فنڈ میں بھرپور حصہ لینے کی استدعا کی تھی۔

 


خبر کا کوڈ: 750255

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750255/کالا-باغ-ڈیم-پاکستان-کی-بقا-کا-ضامن-ہوگا-قوم-میں-اتفاق-ہوا-بھی-بنائیں-گے-جسٹس-ثاقب-نثار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org