0
Sunday 16 Sep 2018 14:25

امام حسینؑ نے میدان کربلا میں عظیم قربانی دیکر پرچم اسلام تاقیامت بلند کر دیا، ثروت اعجاز قادری

امام حسینؑ نے میدان کربلا میں عظیم قربانی دیکر پرچم اسلام تاقیامت بلند کر دیا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ حق و صداقت کے علمبردار، صبر و استقامت پیکر تھے، سانحہ کربلا حق و باطل کا معرکہ تھا، جس میں حق کامیاب اور باطل ہمیشہ کیلئے مٹ گیا، دین اسلام کی بقاء و سلامتی کیلئے سیدنا امام حسینؑ نے لازوال قربانیاں دیکر دنیا کو پیغام دیا کہ محمد مصطفیٰ ﷺ کے دین کا تحفظ کرنا اور دین کی سلامتی کیلئے جان، مال و اولاد سب کچھ قربان کرنا ہی حسینیت ہے، امام حسینؑ کے نقش قدم پر چل کر ہی حالات کا مقابلہ اور انسانیت کے دشمنوں، ظالموں اور جابروں کو شکست دی جا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے عہدیداروں اور سینئر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور ملک بچانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، اور اس کیلئے حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی دیکر دین اسلام کے پرچم کو تاقیامت بلند کر دیا اور رہتی دنیا تک مثال قائم کر دی کہ ظالم، جابر و فاسق کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہی حسینیت ہے، چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ گھر، بار و اولاد سمیت اپنی جان کی قربانی دینا اہل حق کا شیوہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب حسینیت کے جذبے سے ہی آتا ہے، معاشی آزادی، سکھ و چین اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی، یہ یاد رکھا چاہیئے کہ جو اقوام ظلم و جبر، انتہاپسندی و دہشتگردی کے خلاف اور حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند نہیں کرتیں، تو ان کا بھی شمار یزیدی لشکر میں ہی ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 750369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب