QR CodeQR Code

دیامر سے اغوا ہونیوالا 5 سالہ بچہ غذر سے بازیاب

16 Sep 2018 14:57

پولیس نے غذر کے علاقے داماس میں چھاپہ مار کر بچے کو بازیاب کرا لیا اور دیامر سے تعلق رکھنے والے دو اغوا کاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دیامر سے ایک ہفتہ قبل اغوا ہونے والے پانچ سالہ بچے شمس اللہ ولد مولوی عبدالحکیم کو غذر کے علاقے داماس سے بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے دیامر سے تعلق رکھنے والے دو اغواکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جی بی سپیشل برانچ اور سٹی پولیس نے داماس میں مشترکہ کارروائی کی اور بچے کو بازیاب کرا لیا جبکہ دیامر سے تعلق رکھنے والے دو اغوا کاروں اسلام اللہ اور فاروق ولد جمعہ میر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پستول، گولیاں، خنجر اور جعلی نمبر پلیٹ برآمد کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں یہ بچہ دیامر سے تعلق رکھنے والے شخص احسان اللہ نے تحفے میں دیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے معصوم بچے کو اغوا کرکے ایک ہفتہ قبل غذر کے گاؤں ہاتون پہنچایا تھا، تاہم پولیس کارروائی سے بچنے کے لئے داماس میں رہائش پذیر دیامر سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص نیت ساکن چلاس کے گھر چھپا رکھا تھا، جہاں سے پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے معصوم بچے کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف اغوا اور دیگر جرائم کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ تین سال قبل چلاس سے ایک اور پانچ سالہ بچہ اغواء ہونے کے بعد جنگل سے اس کی لاش ملی تھی، اس قتل کا الزام جنات پر لگایا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 750425

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750425/دیامر-سے-اغوا-ہونیوالا-5-سالہ-بچہ-غذر-بازیاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org