QR CodeQR Code

امام حسینؑ دین کی بقاء اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہیں، ثروت اعجاز قادری

18 Sep 2018 23:56

مرکز اہلسنت پر ملاقات کیلئے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ آزادی، تحفظ شریعت، احترام آدمیت، بیداری، زندگی، زبردستوں کو زیر کرنے کا پیغام حسین ہے، ظالم، فاجر اور دین میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یزید کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؑ دین کی بقاء اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہیں، تمام مظالم سہہ کر امام حسینؑ اور محمد مصطفیٰ ﷺ کے خانوادہ نے دین محمدی کو تحریف یزیدیت سے بچایا، آزادی، تحفظ شریعت، احترام آدمیت، بیداری، زندگی، زبردستوں کو زیر کرنے کا پیغام حسین ہے، ظالم، فاجر اور دین میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یزید کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، کشمیر کے مظلوم مسلمان آزادی اور حقوق کیلئے سیدنا امام حسینؑ کے نقش قدم پر گامزن ہیں، جو قومیں حق کیلئے آواز بلند نہیں کرتیں یا حق کا ساتھ نہیں دیتی، ان کا شمار بھی یزید کے ساتھ کیا جاتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر ملاقات کیلئے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی ایمان کی صداقتوں کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ نے لازوال قربانی دیکر ظالموں سے ٹکرانے اور ڈکٹیٹروں پر چھا جانے کا حوصلہ عطا کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسلام کے خلاف انگلی اٹھانے والے دہشتگرد یزید کے پیروکار ہیں، دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کرینگے، باطل کے سامنے حق ڈٹ جاتا ہے اور ہمیشہ فتح حق کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 ہزار پاکستانیوں کو دہشتگردی کا ایندھن بنانے والے یزید کے پیروکار ہمیں ختم تو کر سکتے ہیں، مگر ہمارے دلوں سے اہلبیتؑ کی محبت نہیں نکال سکتے، سیدنا امام حسینؑ کے غلام ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے حسینی تلوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلمانوں پر مظالم اور قتل بند کر دے، حسینیت کے پیرکار مودی سمیت بھارت کا شیرازہ بکھیر دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا امام حسینؑ صبر و استقامت اور برداشت کے پیکر تھے، ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کیلئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 750938

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/750938/امام-حسین-دین-کی-بقاء-اور-اسلامی-اقدار-کا-تحفظ-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org