0
Wednesday 19 Sep 2018 19:52

قرآن و سنت سے دوری کے باعث مسلمان مسائل میں گھرا ہوا ہے، ذکراللہ مجاہد

قرآن و سنت سے دوری کے باعث مسلمان مسائل میں گھرا ہوا ہے، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے علماء و مشائخ محرم الحرام کے مقدس ماہ میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے منبر و محراب کے ذریعے قوم کو امن و یکجہتی کا پیغام دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جمعیت اتحاد علماء لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قاری عطاء الرحمن، مولانا فضل اکبر، قاری ذکاء اللہ اولکھ، چودھری عبدالرشید سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہریان لاہور شہر میں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور ملک کے تمام مذہبی رہنما مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر فرقہ واریت کی آگ بڑھکانے والے ملک دشمن اور شرپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کے فلسفہ کا مطلب اسلام دشمن قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال محرم میں کروڑوں مسلمان جن میں شیعہ، سنی سمیت دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے امام حسینؑ کی شہادت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں لیکن افسوس ہے کہ ان غمگساروں میں بہت ہی کم لوگ اس مقصد کی طرف توجہ دیتے ہیں جس کیلئے حضرت امام حسین ؑ نے اپنے 72 ساتھیوں اور اہلخانہ سمیت اپنی قیمتی جانیں قربان کرکے جام شہادت نوش فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مسلمان قرآن و سنت اور نماز سے دوری کی وجہ سے مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے، اللہ رب العزت نے دنیا اور آخرت کی کامیابی قرآن اور سنت کے سنہری اصول پر عمل پیرا ہونے والوں کیلئے رکھی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمانوں نے قرآن و سنت کے احکامات پر عمل کیا، دنیا میں اپنا لوہا منوایا اور آج بھی بحیثیت مسلمان ہمیں جذبہ حسینیت کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 750987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش