QR CodeQR Code

افغانیوں کو شہریت دینے کے اعلان پر فوری عملدرآمد کیا جائے، اصغر خان اچکزئی

19 Sep 2018 14:30

چمن میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران اے این پی کوئٹہ کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ مہاجرین سے متعلق پوری دنیا میں بین الاقوامی قوانین موجود ہیں۔ لہذا شہریت سے متعلق وہی قوانین افغانوں پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ ملکی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے اور تین اکائیوں کے متفقہ قرار دادوں کی توہین ہے۔ ہم آبی منصوبوں کے مخالف نہیں، لیکن جو منصوبہ ملکی مفاد، اتحاد، یکجہتی کو زک پہنچاتا ہو، کسی صورت قبول نہیں۔ وفاقی حکومت کا مہاجرین سے متعلق پالیسی کو بین الاقوامی قوانین اور پارٹی موقف کا عکاس قرار دیتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دیر آید درست آید کے مصداق کے طور پر افغانیوں کے ساتھ سالہا سالوں کے منفی طرز عمل، ان کی توہین وتضحیک کا خاتمہ اور انہیں آزادانہ تجارت کے مواقع اور باوقار زندگی گزارنے کے فوری مواقع فراہم کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن میں قبائلی عمائدین کے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی آبی منصوبوں کی ہرگز مخالف نہیں، بلکہ قابل عمل منصوبوں کی نہ صرف نشاندہی کرچکی ہے، بلکہ اسے وقت اور حالات کا تقاضا سمجھتی ہے۔

ایک ایسا منصوبہ جو تین صوبوں کے عوام مسترد کرچکے ہیں، ملک کے تین اکائیوں پشتونخوا، بلوچستان اور سندھ کی اسمبلیاں متفقہ قراردادوں کے ذریعے اس کی تعمیر کو ناقابل عمل منصوبہ اور قومی یکجہتی کے خلاف منصوبہ قرار دے چکی ہے۔ اس کی تعمیر پر بضد رہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ لہذا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسے منصوبے جو پشتونخوا کو ڈبو کر اور سندھ کو بنجر کرنے پر منتج ہو، اس کو کسی صورت تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔ مہاجرین سے متعلق پوری دنیا میں بین الاقوامی قوانین موجود ہیں۔ لہذا شہریت سے متعلق وہی قوانین افغانوں پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں، تاکہ عشروں سے آباد یہاں پشتون افغان بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔ آئے روز قومی شاہراہوں اور بڑے شہروں میں ان کی تضحیک و توہین کا سلسلہ بند ہو اور اس امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو۔


خبر کا کوڈ: 751013

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751013/افغانیوں-کو-شہریت-دینے-کے-اعلان-پر-فوری-عملدرآمد-کیا-جائے-اصغر-خان-اچکزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org