0
Wednesday 19 Sep 2018 15:32

کے الیکٹرک اور کرنٹ لگنے سے معذور بچے کے اہلخانہ میں سمجھوتہ ہوگیا

کے الیکٹرک اور کرنٹ لگنے سے معذور بچے کے اہلخانہ میں سمجھوتہ ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کے الیکٹرک اور کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے بچے کے اہل خانہ میں سمجھوتہ ہوگیا، جس کے تحت مالی مراعات اور علاج معالجے کے عوض کمپنی کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غفلت سے 8 سالہ بچے کے دونوں بازوؤں سے محرومی کے کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے 7 گرفتار افسران کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کو پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ کے الیکٹرک اور متاثرہ بچے کے اہلخانہ کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کے الیکٹرک بچے عمر کے اہلِ خانہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے ادا کرے گی۔ اس رقم میں سالانہ پانچ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ کے الیکٹرک ماہانہ 3 سو یونٹ کے مساوی رقم بھی ادا کرے گی اور 8 سالہ عمر کا مکمل علاج کرائے گی۔

مدعی عمر کے اہلخانہ کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے تفتیشی افسر کو یہ معاہدہ ماتحت عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے احسن آباد میں بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچے عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس گئے تھے۔ ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کیلئے اس کے دونوں بازو جسم سے علیحدہ کر دیئے تھے۔ بچے کے والد محمد عارف کی مدعیت میں کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں کے الیکٹرک گڈاپ ٹاؤن کی انتظامیہ کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 751026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش