0
Wednesday 19 Sep 2018 22:39

کسی کو بھی سعودی عرب پر حملہ کرنیکی اجازت نہیں دینگے، عمران خان

کسی کو بھی سعودی عرب پر حملہ کرنیکی اجازت نہیں دینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے جدہ میں سعودی فرمانروا سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر گذشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے اور پہلا روز مدینہ منورہ میں گزارا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بات چیت ہوئی۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں شاہی محل پہنچنے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، محل میں پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سعودی فرمانروا نے شاہی محل میں عشائیہ دیا، جہاں وزیراعظم نے سعودی قیادت سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق بھی موجود تھے۔ شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستانی وفد جدہ سے روانہ ہوگیا۔ وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے اختتام پر جدہ سے روانہ ہوئے اور سعودی وزیر اطلاعات عواد صالح نے وزیراعظم عمران خان کو شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے سے رخصت کیا۔ میئر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد بن عبدالعزیز نے وزیراعظم عمران خان کو الوداع کیا۔ علاوہ ازیں سعودی اخبارات کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، کسی کو بھی سعودی عرب پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے جدہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل بن احمد الجبیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی جبکہ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی بنیاد مضبوط ہے اور اس دورہ سے ہمارے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ شب عمرہ بھی ادا کیا۔ ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، جہاں وزیراعظم نے نوافل ادا کئے اور ملک کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گذشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے جدہ پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ جدہ سے مدینہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، جبکہ پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار کر ننگے پاؤں قدم رکھا تھا، روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور وہاں نماز مغرب اور نوافل ادا کئے تھے۔ رواں برس جون میں بھی عمران خان عمرے کی ادائیگی کے لئے خصوصی طیارے سے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اترے تو وہ ننگے پاؤں تھے۔
خبر کا کوڈ : 751077
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش