0
Wednesday 19 Sep 2018 23:01

کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر

کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی، جس سے علامہ کمیل مہدوی نے خطاب کیا اور واقعہ کربلا کے شہداء کی لازوال قربانی اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔

علامہ کمیل مہدوی نے کہا کہ امت مسلمہ کو باہمی اتحاد کی ضرورت جتنی اب ہے، پہلے کبھی نہیں تھی، ملک میں مستقل قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ مذہبی رواداری کو قائم رکھا جائے۔ مجلس کے بعد آٹھ محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو نمائش چورنگی سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ پر آیا، جہاں امام بارگاہ علی رضاؑ میں شرکاء نے باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کی قیادت کے فرائض ابو الحسن اسکاؤٹ نے انجام دیئے عزاداروں کی رہنمائی کیلئے اسکاؤٹس رابطہ کونسل کے دو ہزار سے زائد رضاکاروں نے فرایض انجام دیئے۔ جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک تھی، جن میں مرد، خواتین و بزرگ اور بچے بھی شامل تھے۔ شرکاء کیلئے مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے رہنمائی کیمپ اور سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

مرکزی جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، جامع کلاتھ سے ہوتا ہوا نیپئر روڈ پر واقع امام بارگاہ پہنچا اور مختصر قیام کیا۔ بعد ازاں جلوس لائٹ ہاؤس، ڈینسو ہال اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی سیکورٹی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا اور ایم اے جناح روڈ کی تمام دکانوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 751080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش