QR CodeQR Code

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر

20 Sep 2018 19:26

عزاداران امام حسینؑ نے امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مولانا سید صادق رضا تقوی کی اقتداء میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں عزادارن امام حسینؑ نے امریکا، اسرائیل اور ان کے منسلک یزیدی قوتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کے ساڑھے سترہ ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے۔ جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی، جس سے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس کے بعد نو محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے کی، جبکہ اس موقع پر اسکاؤٹس رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر موجود مختلف اسکاؤٹس گروپس کے ہزاروں رضاکاروں نے جلوس کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔

جلوس میں عزاداران امام حسین (ع) کی بہت بڑی تعداد شریک تھی، جن میں بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین سمیت ہر سطح کے افراد نے شرکت کی۔ جلوس میں علم عباس (ع)، شبیہہ ذوالجناح و شبیہہ تابوت امام حسین (ع) بھی موجود تھیں۔ جلوس نمائش چورنگی سے ہوتا ہوا ایم جناح روڈ پہنچا، جہاں امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے عزاداران امام حسین (ع) نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مولانا سید صادق رضا تقوی کی اقتداء میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں عزادارن امام حسینؑ نے امریکا، اسرائیل اور ان کے منسلک یزیدی قوتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔ نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کو روک کر مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر لاپتہ شیعہ افراد کے اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپنے لاپتہ پیاروں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں مرکزی جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، ڈینسو ہال اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی سیکورٹی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا اور ایم اے جناح روڈ کی تمام دکانوں کو آٹھ محرم سے ہی سیل کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 751176

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751176/کراچی-میں-9-محرم-الحرام-کا-مرکزی-جلوس-امام-بارگاہ-حسینیہ-ایرانیان-کھارادر-پر-اختتام-پذیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org