0
Thursday 20 Sep 2018 23:33

چیف جسٹس، آرمی چیف اور وزیراعظم لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کریں، آئی ایس او کراچی

چیف جسٹس، آرمی چیف اور وزیراعظم لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کریں، آئی ایس او کراچی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی نماز ظہرین دورانِ مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے ادا کی گئی، جس کی امامت علامہ صادق رضا تقوی نے کی۔ دورانِ نماز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے رہنما عسکری رضا نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے درجنوں علماء و جوانانِ ملت کو سالوں سے بے جرم و خطا جبری گمشدہ کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، کئی سالوں سے انکے پیارے ان کے منتظر ہیں، لیکن کوئی بتانے والا نہیں کہ لاپتہ افراد کہاں ہے، اگر ان کا کوئی جرم ہے، تو انہیں عدالت میں پیش کرکے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے، نہ کہ بیلنس پالیسی کے نام پر لاپتہ کیا جائے، ہم ہر فورم پر اپنے گمشدہ افراد کیلئے آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وطن کے بیٹوں کی جبری گمشدگی کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

رہنما آئی ایس او کراچی نے کہا کہ ملک کے بعض حصوں میں عزاداری سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کو مختلف ہتکھنڈے استعمال کرتے ہوئے محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی ایک مثال علماء و ذاکرین کی نقل و حرکت پر پابندی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداری کو محدود کرنے کے بجائے تحفظ فراہم کرنے میں اپنے وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے 60 ہجری میں یزید ملعون کی بیعت سے انکار کرکے دنیا میں آنے والے ہر یزید سے روشناس کروا دیا تھا، آج یہ دنیا پیروانِ یزید سے بھر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بحرین، شام، عراق، فلسطین، برما، یمن، کشمیر و پاکستان سمیت دنیا کے ہر کونے میں مسلمانان عالم کو شہید کیا جا رہا ہے۔

عسکری رضا نے کہا کہ کشمیر میں اب تک ہزاروں مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا، مسلمان ممالک اس ظلم کو ہوتا دیکھ کر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، جبکہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے بحرین و یمن میں ظلم و بر بریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جو سراسر تکفیری دہشتگرد ٹولے کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے پاکستان میں بھارتی جارحیت اور دخل اندازی کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے بھارتی جارحیت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آخر میں شرکاء جلوس نے امریکہ، اسرائیل اور ان سے منسلک یزیدی قوتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ و اسرائیل کے پرچم نظر آتش کئے۔
خبر کا کوڈ : 751201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش