0
Thursday 20 Sep 2018 23:44

سانحہ کربلا کی یاد میں آج بھی محبانِ اہلبیت رسولؐ ماہ محرم کو سوگ میں گزارتے ہیں، قاری عثمان

سانحہ کربلا کی یاد میں آج بھی محبانِ اہلبیت رسولؐ ماہ محرم کو سوگ میں گزارتے ہیں، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا باطل کے خلاف جدوجہد کا درس دیتا ہے، حسینی کردار کے ذریعے آج بھی باطل کو ہرایا جا سکتا ہے، سیدنا حسینؑ نے اسلام کی سربلندی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، دس محرم الحرام کو نواسہ رسول سیدنا حسینؑ نے عظیم الشان قربانی پیش کرکے اسلام کو قوت بخشی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صوبائی دفتر میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ تاریخ اسلام کا سب سے بڑا حادثہ جسے سانحہ کربلا کہتے ہیں، وہ اسی مبارک مہینے محرم الحرام میں پیش آیا کہ اپنے ہی نبیؐ کی آل کو مسلمانوں نے ہی ذبح کر دیا، چنانچہ اس سانحہ کی یاد میں آج بھی اہلبیت رسولﷺ کے محبین اس مہینے کو سوگ میں گزارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول سیدنا حضرت حسینؑ کی اپنے قافلے اور خاندان نبوت کے افراد کے ساتھ شہادت جیسے واقعات سے ناصرف مسلمان بلکہ انسانیت اور تاریخ انسانیت ان سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ اور ان کے خانوادے کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہیے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا، اس عظیم قربانی کا ایک اور اہم مقصد یہ بھی تھا کہ مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 751203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش