0
Friday 21 Sep 2018 04:02

یوم عاشور پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا پیغام

یوم عاشور پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ محرم الحرام ایک عہد ساز تاریخ کی سنہری روایات اور عملی مظاہرہ کا یادگار ترین مہینہ ہے، اس ماہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے عاشور کے روز اپنے جانثار ساتھیوں کے ہمراہ باطل کے خلاف اسلام کو زندہ کیا، خانوادہ رسولﷺ نے اسلام کی سربلندی، حق و صداقت کی ایک عظیم مثال قائم کی۔ یوم عاشور پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ امام حسینؑ خوف خدا، فیاضی و سخاوت، زہد و تقویٰ، شجاعت و بہادری اور علم پروری جیسے اوصاف کے حامل تھے، امام حسینؑ نے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور اسلام کی راہ میں اپنا سر کٹوا کر ایثار و قربانی، شجاعت و شہادت کی ایک نئی داستان رقم کی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے اسلامی تاریخ میں اسلام کی سربلندی اور اعلیٰ ترین مقاصد کے حصول کے لئے جان کی بازی لگا دینے کی وہ سنت قائم کی، جو تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والے قافلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی قربانی ہمیں ان کے متعین کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوکر اپنی جان کی بازی لگا دینے کا درس دیتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 751232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب