0
Friday 21 Sep 2018 05:35

شہداء کربلا کی قربانی سے اسلام ہمیشہ کیلئے زندہ ہوگیا، طاہرالقادری

شہداء کربلا کی قربانی سے اسلام ہمیشہ کیلئے زندہ ہوگیا، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ ادارہ منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ٹاؤن شپ میں "پیغام امام حسینؑ کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں کربلا کے شہداء پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی داستان سنائی گئی۔ کانفرنس میں اہلبیتؑ اطہار سے عقیدت رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہ شہداء کربلا کی قربانی سے اسلام ہمیشہ کیلئے زندہ ہوگیا، امام حسینؑ نے سچ کی خاطر اور نانا کے دین کی خاطر شہادت کو گلے لگا لیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رہتی دنیا تک یہ قربانی یاد رکھی جائے گی۔ طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد کا مقصد مٹتی ہوئی دینی قدروں کو بچانا تھا۔ حضرت امام عالی مقام کی جدوجہد نے ثابت کر دیا کہ دین کا نظم سب سے بڑھ کر ہے۔

انہوں نے  کہا اللہ کے راستے میں جانوں کے نذرانے دینے والے افضل ترین انسان ہیں، شہید کو جو مقام ومرتبہ اللہ نے دیا وہ کسی عابد و زاہد کو نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کو آقا دو جہاں (ص) نے اپنی مبارک زندگی میں ہی جنت میں نوجوانوں کا سردار قرار دیا گیا، اس کی اہمیت واقعہ کربلا سے سامنے آئی کہ انہیں کیوں جنتی نوجوانوں کا سردار قرار دیا گیا تھا، اہلبیتؑ کی محبت جزو ایمان ہے۔ حسنین کریمین سے محبت دراصل حضور اکرم (ص) سے محبت ہے۔ اپنی زندگیاں ان مقدس ہستیوں کے نقش قدم پر گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہلبیت اطہارؑ کے نقش قدم پر چلنے اور دین محمدی اور اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے بھی اس قربانی سے حقیقی معنوں میں سیکھنے پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 751233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش