0
Friday 21 Sep 2018 08:23

شمالی کوریا سے فوری مذاکرات پر تیار ہیں، مائیک پومپیو

شمالی کوریا سے فوری مذاکرات پر تیار ہیں، مائیک پومپیو
اسلام ٹائمز۔ امریکا نے شمالی اور جنوبی کوریا کی قیادت کے درمیان طے پانے والے تخفیف اسلحہ کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شمالی کوریا کے ساتھ فوری مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ وہ شمالی اور جنوبی کوریائی ملکوں کی قیادت کی حالیہ ملاقات اور پیانگ یانگ کی جانب سے خطرناک ہتھیاروں کی تلفی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلان کے بعد امریکا بھی شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ جنوری 2021ء تک شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کو مکمل طورپر تلف کیا جا سکے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو کو اگلے ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی دعوت دی ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اسلحہ کی تخفیف میں جلدی کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جلد دوسری ملاقات کے خواہشمند ہیں مگر ان کا بنیادی مقصد اس سال 1950 تا 1953 کی کورین جنگ کے خاتمے کا اعلان ہے۔ مون نے کہا کہ انہوں نے کم جونگ ان کے ساتھ تین روزہ ملاقات میں زیادہ وقت اسی گفتگو میں گزارا کہ کس طرح سے واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان جوہری مذاکرات کو دوبارہ شروع کیا جائے اور تعطل کو ختم کیا جائے۔ بدھ کے روز پیانگ یانگ میں جنوبی و کوریائی صدور کی مشترکا پریس کانفرنس میں شمالی کوریا نے غیرملکی ماہرین کی موجودگی میں اپنی میزائل تنصیبات مستقل طور پر ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا بھی ایسا ہی اقدام اٹھائے تو وہ اپنی مرکزی جوہری تنصیب بھی بند کرنے پر تیار ہے۔

کم جونگ ان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد تخفیف اسلحہ چاہتے ہیں اور معاشی ترقی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ پیانگ یانگ میں کم سے ملاقات کے بعد سیول واپسی پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مون نے کہا کہ کم جونگ ان شمال مغربی قصبے پنگیائی ری میں جوہری ٹیسٹ کے مقام کے معائنہ پر بھی رضامند ہیں۔ یاد رہے کہ پیانگ یانگ نے جوہری اور میزائل تجربوں کو اس سال روک دیا تھا مگر عالمی معائنوں کیلئے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا جس سے اس بات کا چرچا ہونا لگا کہ یہ اقدام واپس ہو جائے گا۔ اس حوالے سے امریکی وزارت خارجہ نے فوری طور پر کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا مگر بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کو اگلے ہفتے ملاقات کیلئے مدعو کیا ہے جبکہ دیگر پیانگ یانگ کے عہدیداروں کو جوہری سفارتکار اسٹیفن بیگن سے مذاکرات کیلئے ویانا مدعو کرلیا ہے۔

واشنگٹن کا مطالبہ ہے کہ شمالی کوریا اپنے بنیادی مطالبات سے پہلے اپنے جوہری ہتھیاروں کی مکمل تخفیف کے ٹھوس اقدامات کرے۔ شمالی کوریا کے مطالبات میں عالمی پابندیوں میں آسانی اور کورین جنگ کا خاتمہ شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 751237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش