QR CodeQR Code

باطل قوتوں سے مظلوم مسلمانوں کو نجات دلانا امام حسینؑ کے غلاموں کا ایمانی فرض ہے، ثروت اعجاز قادری

21 Sep 2018 11:59

شہداء کربلا کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں اللہ کی وحدانیت اور نبی کریمﷺ کے دین کے تحفظ کرنے کا درس دیتا ہے، باطل کے سامنے ڈٹ جانا اور دین حق کیلئے جان، مال اور اولاد قربان کر دینا حسینیت ہے، میدان کربلا میں امام حسینؑ کی قربانی قیامت تک زندہ و جاوید رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں اللہ کی وحدانیت اور نبی کریمﷺ کے دین کے تحفظ کرنے کا درس دیتا ہے، باطل کے سامنے ڈٹ جانا اور دین حق کیلئے جان، مال اور اولاد قربان کر دینا حسینیت ہے، میدان کربلا میں امام حسینؑ کی قربانی قیامت تک زندہ و جاوید رہے گی، حسینی کردار کو اپنا کر ہی اسلام دشمن یہود و نصاریٰ کو شکست دی جا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر شہداء کربلا کی یاد میں فاتحہ خوانی و نیاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ یوم عاشور پیغام دیتا ہے کہ دین کی بالادستی اور تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے، اللہ عزوجل کی راہ میں جان نچھاور کرنے والے شہداء کربلا کی یاد قیامت تک مناتے رہینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ یزید فاسق و فاجر تھا، جو اقتدار کے نشے میں دین میں بگاڑ پیدا کر رہا تھا، جب حق آتا ہے تو باطل مٹ جاتا ہے، یزید کا آج نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہے، امام عالی مقامؑ نے کلمہ حق بلند کرکے اپنے نانا کے دین کا تحفظ کیا، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، یہود و نصاریٰ کے مظالم کو روکنے کیلئے حسینی کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں پر ظلم و جبر اور نسل کشی کرنیوالوں کو جذبہ حسینی سے ختم کرنا ہوگا، باطل قوتوں سے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو نجات دلانا امام حسینؑ کے غلاموں کا ایمانی فرض ہے۔


خبر کا کوڈ: 751245

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/751245/باطل-قوتوں-سے-مظلوم-مسلمانوں-کو-نجات-دلانا-امام-حسین-کے-غلاموں-کا-ایمانی-فرض-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org