0
Friday 21 Sep 2018 21:37

وزیراعلیٰ پنجاب کا جلوسوں کیلئے بنائے گئے کنٹرول رومز کا دورہ، سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

وزیراعلیٰ پنجاب کا جلوسوں کیلئے بنائے گئے کنٹرول رومز کا دورہ، سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ لاہور میں مرکزی کنٹرول روم اور قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم میں یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سرویلنس کا نظام وضع کیا گیا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے، جبکہ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے اور ان شاء اللہ پنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے یوم عاشور پُرامن رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں اور جلوس پر امن طور پر منتشر ہونے تک ڈیوٹی پر موجود رہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے اور قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور اسی طرح ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ کو کنٹرول روم میں پنجاب بھر میں یوم عاشور پر کئے جانیوالے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پنجاب میں آج تقریبا 2800 جلوس اور 2100 کے قریب مجالس ہو رہی ہیں جن کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے پنجاب بھر میں 2لاکھ 15ہزار پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی کو مزیدبتایا گیا کہ پولیس کے ساتھ فوج اور رینجرز کو بھی معاونت کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ فوج کے 10 ہزار افسرو جوان اور رینجرز کے 1900 جوان یوم عاشور پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موجود ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے 4 ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی لی ہیں۔

وزیر اعلی مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کرنے کے بعد پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس گئے جہاں انہوں نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کے مختلف حصے دیکھے اور وزیر اعلیٰ نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے یوم عاشور کے جلوس کے مرکزی روٹ کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیر اعلیٰ نے یوم عاشور پر سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا بھی بغور جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے میں جدید ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے اورملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے یہ نظام کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ نظام میں مثبت تبدیلی لانا وقت کا تقاضا ہے اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال جدید دور کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 751309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش