0
Friday 21 Sep 2018 22:06

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا، جس کے بعد شہر بھر میں مجالس شامِ غربیاں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا، مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں نشتر پارک، ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، بولٹن مارکیٹ، ٹاور سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی قیادت کے فرائض بوتراب اسکاؤٹ نے انجام دیئے۔

مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے۔ مرکزی جلوس میں سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت تبت سینٹر کے مقام پر نماز ظہرین کا انتظام کیا گیا۔ جہاں عزادارانِ امام مظلومؑ نے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی زیر اقتدا نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا، جہاں مجلس شام غریباں منعقد کی گئی۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔

جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کی جانب سے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے ہزاروں جوان و افسران نے فرائض انجام دیئے۔ جلوس کی نگرانی کیلئے پولیس کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا، جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی گئی، اس کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینر لگا کر سیل کی گئیں، جبکہ جلوس کی گزر گاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رکھی گئیں، بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات تھے، جلوس کے دونوں راستوں پر اسکینرز نصب کیے گئے، جبکہ مرکزی جلوس میں شریک ہونے والے زائرین کو چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 751312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب