0
Friday 21 Sep 2018 22:45

ملک بھر میں عاشورہ جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

ملک بھر میں عاشورہ جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، جن کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اورپشاور سمیت دیگر شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ جلوس کی  سیکیورٹی کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ جلوس کی نگرانی کے لیے پولیس کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی گئی، اس کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی ہوئی۔

حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ختم ہوگئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے۔ یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے جس میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات کیا گیا جبکہ شہر بھر میں موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

 بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے، کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علم دار روڈ سے برآمد ہوا، جلوس کی سیکیورٹی کے پیش پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی، پشاور میں یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ختم ہوگئے۔ اس موقع پر شہر بھر میں فون سروس بھی معطل کردی گئی۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 751317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش