0
Friday 21 Sep 2018 23:03

پاکستان کو خطے میں امن اور بھارت کو سیاست کی فکر ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان کو خطے میں امن اور بھارت کو سیاست کی فکر ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خطے میں امن و استحکام اور بھارت کو سیاست کی فکر ہے۔ بھارت کی جانب سے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنے پر نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملاقات سے انکار پر حیران ہوں اور تعجب بھی ہوا، لگتا ہے بھارت میں گھبراہٹ کی لہر پیدا ہوئی ہے اور ملاقات سے پہلے ہی بھارت کے قدم ڈگمگا گئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے باوجود آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا اور بھارت کو مثبت پیغام دیا، لیکن بھارت کی ترجیحات کچھ اور ہی ہیں، ہمیں خطے میں امن و استحکام اور بھارت کو سیاست کی فکر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکل سکتا ہے، دہائیوں سے الجھے مسائل کو سلجھانے کی ضرورت ہے، پاکستان نے بھارت کو ہر بار مذاکرات کی پیشکش کی، لیکن افسوس ہے کہ بھارت کی جانب سے کبھی مثبت جواب نہیں دیا گیا اور ایک بار پھر بھارت کی جانب سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے ثبوت ہیں، جو مذاکرات میں بھارت کی جانب سے مداخلت کر رہے ہیں، بھارت کی سیاست میں تقسیم دکھائی دے رہی ہے اور لگتا ہے بھارت میں اگلے انتخابات کی تیاری ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 751319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش